ساڑی کے ساتھ زیورات کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں

ساڑی ایک ایسا روایتی پہناوا ہے جو فیشن کی بدلتی رتوں کے ساتھ نہیں بلکہ ہمیشہ اس کا حصہ رہتا ہے ۔ خصوصاً مشرق میں اس پہناوے کی مقبولیت روزِ اول کی طرح قائم و دائم ہے لیکن آج کل کی خواتین ساڑی پہننے سے بہت گھبراتی ہیں۔

اس بات کی ایک خاص وجہ یہی ہوتی ہے کہ وہ ہمیشہ اس کے ساتھ پہنے جانے والے زیورات، بلاؤز، سینڈل وغیرہ کے بارے میں اُلجھن کا شکار رہتی ہیں۔آپ کتنی ہی ماڈرن کیوں نہ ہوں لیکن آپ کی زندگی میں کچھ ایسے خاص مواقع ضرور آتے ہیں جب آپ خود یہ روایتی ساڑی پہننا پسند کرتی ہیں ، کیونکہ یہ گریس فل ہونے کے ساتھ پُرکشش بھی لگتی ہے۔ یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اسے پہنتی کیسے ہیں۔ اگر موقع روایتوں سے جڑا ہو اور آپ اس روایتی پہناوے کی خوبصورتی بڑھانا چاہتی ہیں تو مہین شفان اور اس پر لائیکا کا بلاؤز ایک دم سونے پر سہاگہ ہوجائے گا۔ آپ چاہیں تو ساڑی کو تھوڑا سے لُک دینے کیلئے چھوٹے چھوٹے موتی بھی لگواسکتی ہیں ویسے بھی ساڑیوں میں کتنے ہی نت نئے ڈیزائن کیوں نہ آجائیں ، زری کی ساڑیوں پر کندن کے زیورات کا فیشن کبھی پرانا نہیں پڑتا ۔