سامسنگ نوٹ 7 کی دوبارہ فروخت شروع ہونے میں تاخیر

سیول ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی موبائل کمپنی سامسنگ نے کہا ہے کہ اس نے گلیکسی نوٹ 7 اسمارٹ فون کی دوبارہ فروخت شروع کرنے میں تاخیر کا فیصلہ کیا ہے۔سامسنگ کے مطابق اسے عالمی منڈیوں سے اس ماڈل کے 25 لاکھ فونز کو واپس منگوانے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ نوٹ 7کی بیٹریوں میں خرابی کے باعث کمپنی نے اسے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس ماڈل کے بعض فونز کی بیٹری چارج ہونے کے دوران یا اس کے بعد پھٹ گئی تھیں اور ان واقعات کے سامنے آنے کے بعد کمپنی نے فون کو واپس لینے کا اعلان کیا تھاجاریہ ماہ ہی سامسنگ نے نوٹ 7کی بیٹریوں کے چارج ہونے کی صلاحیت 60 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔اب نوٹ 7جنوبی کوریا میں فروخت کے لیے 28 ستمبر کو بھیجا جائے گا تاہم توقع ہے کہ صارفین کو یہ یکم اکتوبر کو ہی دستیاب ہو سکے گا۔دو ستمبر کو سامسنگ نے نوٹ 7فون کی فروخت روکنے کا اعلان کرتے ہوئے پہلے سے فروخت ہونے والے فون واپس کر کے نئے حاصل کرنے کی پیشکش کی تھی۔ اس کے علاوہ نوٹ 7کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیا گیا تھا۔عالمی سطح پر فون واپس منگوانے سے سامسنگ کی 10 منڈیاں متاثر ہوئی ہیں۔ جنوبی کوریا میں پہلے ہی دو لاکھ صارفین فون واپس کر چکے ہیں۔جنوبی کوریا کے بعد نوٹ 7اکتوبر میں آسٹریلیا اور سنگاپور میں دوبارہ فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔برطانیہ میں سامسنگ نے 19 ستمبر سے فون بدلنے کا اعلان کیا ہے اور صارفین سے کہا ہے کہ وہ ان دکانداروں سے رابطہ کریں جہاں سے انھوں نے فون خریدے ہیں۔