سال گزشتہ سڑک حادثات میں 200 افراد فوت

کریم نگر میں آج سے ہیلمیٹ لازمی ، پولیس کمشنر وی بی کملاسن ریڈی کا خطاب
کریم نگر۔ 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر کمشنریٹ کے حدود میں یکم فروری سے ہر موٹر سائیکل سوار پر ہیلمیٹ کا لزوم ہوگا۔ بغیر ہیلمیٹ کے بائیک یا موٹر سائیکل چلانے پر جرمانے عائد ہوں گے۔ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر وی بی کملاسن ریڈی نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار کی زندگی کے تحفظ کیلئے ہیلمیٹ کا استعمال کرنا لازمی ہے۔ یہ فی الحال کریم نگر میں شروع ہورہا ہے۔ بعدازاں کمشنریٹ کے تمام حدود میں لازمی کیا جائے گا۔ تاحال سڑک حادثات میں 99% اموات موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمیٹ کا استعمال نہ کرنا ہے۔ سڑک حادثات میں فوت ہوجانے والے خاندان کے کئی افراد مختلف پریشانیوں کا شکار ہوئے ہیں۔ اس لئے ہماری اور افراد خاندان کی پریشانیوں کے تدارک کے لئے ہیلمیٹ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہورہے سڑک حادثات میں 54 لاکھ میں سے 5.30 لاکھ افراد زخمی ہورہے ہیں۔ دیڑھ لاکھ افراد موت کی آغوش میں چلے جارہے ہیں۔ سال گزشتہ ضلع میں ہوئے حادثات میں 500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح 200 کی موت واقع ہوچکی ہے۔ موٹر سائیکل سوار ہیلمیٹ اور کار چلانے والے افراد اپنی گاڑی میں سیٹ بیلٹ باندھ لیں تاکہ حادثات میں کمی ہوسکے۔ ضلع بھر میں محکمہ پولیس شعور بیداری پروگرام کے تحت بائیک ریالی نکالی تھی جس میں پولیس کمشنر کملاسن ریڈی نے ہیلمیٹ لگاکر اس میں حصہ لیا۔ ٹریفک کمشنریٹ میں دیگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک ماہ سے ہیلمیٹ کے استعمال کے فوائد اور نہ لگانے کے نقصانات سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہیلمیٹ کا استعمال کرنے والوں کو پھول پیش کیا گیا۔ عوام میں سڑک پر چلنے کے قواعد اور قانون کے مطابق آگہی کی گئی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ای چالانات جاری کئے جائیں گے۔ اس ای چالان کو آن لائن یا کسی دوسرے طریقہ سے ادا کرنا ہوگا۔ دوران سواری موبائیل فون پر بات چیت، دو سے زائد افراد کے ساتھ بائیک کی سواری، سگنل کراسنگ، بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ، بغیر انشورنس کے گاڑی چلانے، کم عمر ڈرائیونگ پر جرمانے عائد ہوں گے۔