سادگی کے ساتھ شادی کے لیے جمعہ کو مسلمانوں کا عہد

شہر و اضلاع کی تمام مساجد کے آئمہ و خطیب خطبہ سے قبل مصلیان سے حلف لیں گے
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( راست ) : 22 رمضان بروز جمعہ شادی سادگی کے عنوان اضلاع تلنگانہ اور شہر حیدرآباد و سکندرآباد کی مساجد میں قبل نماز جمعہ عامتہ المسلمین سے ائمہ و خطیب حضرات عہد لیں گے ۔ اس ضمن میں جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کل بعد نماز مسجد حاجی کمال میں اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ۔ مسلم معاشرے میں شادی ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے ۔ لین دین ، جوڑے گھوڑے ، اسراف نے مسلم معاشرے کو پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے ۔ شادی سادگی سے کے عنوان ایک کھانا ایک میٹھا مہم شروع کی گئی ہے ۔ جناب زاہد علی خاں اس مہم کی سرپرستی کررہے ہیں ۔ قبل ازیں تحریک مسلم شبان کے صدر جناب محمد مشتاق ملک نے مسجد ہری چپل بازار ، مسجد گلشن عمر مشیر آباد ، مسجد احسن اللہ خاں یاقوت پورہ ، مسجد علی امام باڑہ یاقوت پورہ میں اجتماعات کو خطاب کیا ۔ قرآن و حدیث کے حوالوں سے کہا کہ اسراف حرام ہے ملت کے متقیان نے بھی لڑکے والوں کی جانب سے لڑکی والوں سے شادی کرنے کے لیے مانگنے کو ناجائز قرار دیا ہے ۔ شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا مہم کمیٹی تحریک مسلم شبان نے عامتہ المسلمین سے 22 رمضان بروز جمعہ یوم عہد منانے کی اپیل کی ہے ۔ اضلاع کے ذمہ دار اور شہر حیدرآباد میں کمیٹی کے ذمہ دار راست رابطہ کے ذریعہ مساجد کمیٹیوں سے گذارش کررہے ہیں کہ وہ 22 رمضان کو خطبہ جمعہ سے قبل عامتہ المسلمین کو عہد دلوائیں ۔ بھاری قرض وسود کی وجہ سے ہزاروں خاندان پریشان ہے ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے اپنے خطابات میں زور دے کر کہا کہ اگر ہم شادی کو آسان بنادیں تو ملت کا کروڑوں روپیہ بچ جائے گا اور معاشی استحکام حاصل ہوگا ۔ لڑکی والے اور لڑکے والے دونوں بھی شادی کے لیے پریشان رہتے ہیں جب کہ اللہ کے رسولؐ نکاح کو آسان قرار دئیے اللہ کے رسول ؐ کی چار صاحبزادیوں کا نکاح انتہائی سادگی سے ہوا ۔ برات ، ناچ گانا ، ہزاروں کی دعوت برقی قمقموں کی سجاوٹ کا کوئی تصور نہیں ہے ۔ شان و شوکت کے اظہار کے لیے دعوت کرنا نا مناسب عمل ہے ۔ شہر و اضلاع میں 22 رمضان کو یوم عہد منایا جائے گا ۔ عامتہ المسلمین سے کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ۔۔