سادگی ایک اصول حیات

تقریباً تمام والدین کا یہ حال ہے کہ وہ سادگی کو ایک اصول حیات کے طور پر نہیں جانتے کسی معاملے میں بطور مجبوری وہ سادگی کا طریقہ اختیار کرسکتے ہیں ۔ لیکن اپنے آزادانہ اختیار کے تحت وہ سادگی کا طریقہ اختیار نہیں کرتے ۔ والدین کا یہ مزاج ان کے بچوں تک پہنچتا ہے ۔
ان کے بچے بھی سادگی کو اصول حیات کے طور پر دریافت نہیں کرپاتے اور پھر اپنی پوری زندگی میں وہ اس کی بھاری قیمت ادا کرتے رہتے ہیں ۔ سادگی کیا ہے ۔ سادگی یہ ہے کہ آدمی یہ جانے کہ اس کی زندگی کا مقصد کیا ہے ۔ اس مقصد کو وہ اپنی زندگی میں اولین اہمیت دے ۔ اس کے سوا ہر چیز کو وہ ثانوی Secondary درجے میں رکھے ۔ زندگی میں ہر ایک کیلئے سب سے زیادہ اہمیت یہ ہے کہ وہ اپنے اندر اعلی شخصیت کی تعمیر کرے ۔ اس معاملے میں پہلی چیز یہ ہے کہ ہر عورت اور ہر مرد اپنی امکانی صلاحیتوں کو دریافت کرے ۔ اس کے بعد ہر ایک کو یہ کرنا ہے کہ وہ مقصدی بنیادوں پر اپنی زندگی کی منصوبہ بندی کرے ۔ وہ مطالعے اور تجربے کے ذریعہ اپنے ذہن کی تشکیل کرے ۔ وہ اس ہنر کو جانے جس کو ٹائم منیجمنٹ جاتا ہے ۔ وہ اپنے تمام ذرائع کو اپنے مقصد کے حصول میں لگادے ۔ بامقصد زندگی ایک طریق حیات ہے ۔ اس طریق حیات کو کامیابی کے ساتھ اختیار کرنے کیلئے سادگی لازمی طور پر ضروری ہے۔