سات ریاستوں کے 89 حلقوں میں آج پولنگ

نئی دہلی 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلے کے تحت کل 30 اپریل کو گجرات، پنجاب اور تلنگانہ کے تمام پارلیمانی حلقوں کے علاوہ اترپردیش، بہار، مغربی بنگال کے چند حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے کے تحت سونیا گاندھی، ایل کے اڈوانی، نریندر مودی، مرلی منوہر جوشی جیسے اہم قائدین کے سیاسی مقدر کا فیصلہ ای وی ایمس میں محفوظ ہوجائے گا۔ نئی ریاست بننے والے علاقہ تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات کے ساتھ پہلی اسمبلی کے انتخاب کیلئے بھی چہارشنبہ کو ہی ووٹ ڈالے جائیں گے جہاں اسمبلی کے 119 اور لوک سبھا کے 17 حلقے ہیں۔ سات ریاستوںاور دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں 13.83 کروڑ ووٹرس ہیں جو 89 ارکان پارلیمنٹ کا انتخاب کریں گے۔ قبل ازیں چھ مرحلوں میں 349 لوک سبھا حلقوں میں رائے دہی ہوچکی ہے۔

ساتویں مرحلے کے تحت کل ہونے والے انتخابات میں بھی کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا جہاں گزشتہ انتخابات میں کانگریس کے 35 اور بی جے پی کے 23 ارکان منتخب ہوئے تھے۔ علیحدہ ریاست کیلئے مہم کی قیادت کرنے والی جماعت ٹی آر ایس اور مرکز میں اپنی حکومت کے ذریعہ علیحدہ تلنگانہ کی تجویز کو منظوری دلانے والی کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ یہ دونوں ہی جماعتیں نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کا کریڈٹ لینے کی کوششوں میں شدت سے ملوث ہوگئی ہیں۔ گزشتہ چناؤمیں تلنگانہ سے ٹی آر ایس کے صرف دو ارکان لوک سبھا منتخب ہوئے تھے۔