سات افراد گرفتار‘ سنٹرل کرائم اسٹیشن کی کارروائی

سات افراد گرفتار‘ سنٹرل کرائم اسٹیشن کی کارروائی

حیدرآباد ۔ 30مارچ ( سیاست نیوز) انٹرنیشنل لاٹری کا جھانسہ کے ذریعہ لاکھوں روپیہ کی دھوکہ دہی میں ملوث 7افراد کو سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ امیر پیٹ کی ساکن شریمتی مرونلنی کلکرنی نے سی سی ایس کے سائبرکرائم پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ 25لاکھ کی لاٹری جیتنے کی اطلاع دیتے ہوئے اُن سے 13لاکھ روپئے ہڑپ لئے گئے ۔سائبر کرائم پولیس کے انسپکٹر مسٹر ماجد علی خان نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات آغاز کیا تھا اور شواہد کی بناء پر 7افراد 40سالہ امرجیت سنگھ ‘37وسنتلا نریندرا متوطن مغربی گوداوری ‘41سالہ پٹیل مہیندر کمار متوطن گجرات ‘ 34سالہ ٹی شنکر ‘44سالہ جی دیا منی ‘37سالہ ڈی چندر شیکھر اور 33سالہ ٹی ویرا بھدرا کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 20لاکھ روپئے نقد رقم ‘8موبائیل فون ‘ 73ڈیبٹ کارڈس برآمد کرلئے ۔

بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ گرفتار ملزمین انٹرنیشنل لاٹری کے نام پر پاکستانی باشندوں کی مدد سے دھوکہ دہی میں ملوث ہورہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان کے مختلف ریاستوں کے مقیم افراد کو مذکورہ ملزمین کی مدد سے سعودی میں مقیم علی بھائی اور ہارون جو پاکستانی باشندے بتائے جاتے ہیں ایئرٹیل کنکشن کے گاہکوں بذریعہ فون 25لاکھ روپئے کی لاٹری جیتنے کی اطلاع دیتے ہوئے ان سے لاکھوں روپئے وصول کیا کرتے تھے ۔ سائبرکرائم پولیس نے بتایا کہ سعودی میں مقیم پاکستانی ٹولی نریندرا اور امرجیت سنگھ کی مدد سے بینک اکاؤنٹ کے نمبرات حاصل کرتے ہوئے کئی افراد کو پاکستانی نمبرات سے انہیں فون کرتے ہوئے لاٹری جیتنے کی اطلاع دیا کرتے اور جیتی ہوئی رقم کو حاصل کرنے کیلئے کسٹم ڈیوٹی ‘ بینک کلیرنس اور انکم ٹیکس وغیرہ کے نام پر لاکھوں روپئے بے نامی بینک کھاتوں میں جمع کرنے کی ہدایت دیتے اور بعد ازاں اس رقم کو حاصل کرلیتے ۔ پولیس نے بتایا کہ معصوم شہریوں کو پاکستانی باشندے اپنا نشانہ بناتے ہوئے لاکھوں روپئے ہڑپ رہے ہیں ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اسی قسم کے واقعات ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی رونما ہورہے ہوں گے ۔