سابق گورنر ووہرا پر بی جے پی لیڈر کا تبصرہ مسترد

گورنر کا عہدہ دستوری ہوتا ہے، اس رتبہ کا احترام لازمی : راجناتھ سنگھ
نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے بی جے پی کی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر کی جانب سے سابق گورنر این این ووہرا پر کی گئی تنقیدوں اور ریمارکس کو مسترد کردیا اور کہاکہ سابق گورنر نے دستوری عہدہ کے وقار اور مرتبہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیئے تھے۔ اس پُروقار عہدہ کا احترام کرنا لازمی ہے۔ ایک بیان میں راجناتھ سنگھ نے کہاکہ گورنر کا عہدہ دستوری ہے اور اس کا اپنا مرتبہ ہوتا ہے۔ اس عہدہ کا احترام ضروری ہے۔ گورنر سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ مرد یا خاتون غیر جانبداری کے ساتھ کسی قوت و حمایت کے بغیر اپنے فرائض انجام دیئے۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ این این ووہرہ ایک غیرمعمولی آفیسر تھے۔ ایک گورنر کی حیثیت سے اُنھوں نے معیاری قابل احترام اور دستوری رتبہ کی بلندی کو برقرار رکھتے ہوئے کام انجام دیا تھا۔ وزیرداخلہ نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام نے گزشتہ 10 سال تک ایک گورنر کی حیثیت سے ووہرا کے رول کی ستائش کی ہے۔ راجناتھ سنگھ کا یہ بیان جموں و کشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر کے اس ریمارک کے بعد آیا ہے کہ رویندر رائنا نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی ووہرا کے ساتھ برقرار رہنا نہیں چاہتی اور اپنے ہی آدمی کو اب نیا گورنر مقرر کرتے ہوئے ووہرا کو ہٹادیا گیا ہے۔