سابق کانسٹیبل عبدالقدیر سے ارکان خاندان کی ملاقات

حیدرآباد /30 مئی ( سیاست نیوز ) سابق پولیس کانسٹیبل محمد عبدالقدیر کے انتقال کی خبر غلط ثابت ہوئی اور انہیں آج صبح حسب معمولی طبی معائنہ کیلئے گاندھی ہاسپٹل لایا گیا ۔ کل رات دیر گئے عبدالقدیر کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح دونوں شہروں میں پھیلنے پر ان کے افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا تھا اور عوام میں تجسس کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ تاہم چرلہ پلی جیل کے حکام نے افواہ کی تردید کی تھی ۔ آج صبح عبدالقدیر کی اہلیہ صابرہ بیگم اور دیگر افراد خاندان نے ان سے گاندھی ہسپتال پہونچ کر ملاقات کی اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کی ۔ واضح رہیکہ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے کانسٹیبل عبدالقدیر کی اہلیہ صابر بیگم کی جانب سے ان کے شوہر کی رہائی سے متعلق داخل کی گئی رٹ درخواست پر جسٹس نوٹی رام موہن راؤ نے حکومت کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد عبدالقدیر قیدی نمبر 5624 جو چرلہ پلی جیل میں محروس ہیں انہیں گاندھی ہاسپٹل کے میڈیکل بورڈ سے رجوع کیا جائے تاکہ ان کی موجودہ صحت سے متعلق مکمل تفصیلات اندرون 30 یوم فراہم کی جائیں ۔ اس سلسلہ میں انہیں آج گاندھی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔ جہاں پر ان کے طبی معائنے کئے گئے اور ہسپتال کے ڈاکٹرس نے ان کی جانچ بھی کی ۔