سابق ولیعہد محمد بن نائف کو محصور کرنے کی تردید

دبئی، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ایک اہلکار نے آج نیویارک ٹائمس میں شائع ہونے والی خبر کی تردید کی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ محمد بن نائف کو اپنے محل میں محصور رکھا گیاہے اور ان کو بیرون ملک کا سفر کرنے سے روک دیا گیا۔ شاہ سلمان نے حال ہی میں شہزادہ محمد بن نائف کو ولی عہد کے منصب سے برطرف کرکے اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کیا تھا۔ ایک ہفتہ قبل ہوئے رد و بدل میں سابق وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف کو اپنے تمام دیگر عہدوں سے بھی فارغ کردیا گیا تھا۔ مملکت سعودی عرب میں بطور وزیر داخلہ القاعدہ کے خلاف 2003 اور 2006 کے درمیان اپنی کارکردگیوں کے لئے امریکہ میں ان کی کافی ستائش کی گئی تھی۔ان کی جگہ پر شاہ سلمان کے صاحبزادے محمد بن سلمان کو نیا ولی عہد مقرر کیا گیا ہے ، جو ملک کے وزیر دفاع ہیں اور سعودی معیشت کے پٹرول اور تیل پر انحصار کو ختم کرنے کے لئے اصلاحی ایجنڈے کے روح رواں بھی ہیں۔نیویارک ٹائمس نے چار امریکی حکام اور سعوی شاہی خاندان کے قریبی افراد کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا لکھا تھا کہ شہزادہ محمد بن نائب کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے اور انہیں ساحلی شہر جدہ مین واقع اپنے محل میں محصور رکھا گیا ہے ۔