سابق وزیر امرمنی ترپاٹھی کی بہو کی مشتبہ حالت میں موت

سی بی آئی تحقیقات کروانے حکومت اترپردیش کا اتفاق
لکھنو ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت اترپردیش جیل میں مقید سابق ریاستی وزیر امرمنی ترپاٹھی کی بہو سارا سنگھ کی فیروز آباد میں جاریہ ماہ کے اوائل میں ایک کار حادثہ میں موت کی سی بی آئی تحقیقات کے لیے سفارش کرے گی ۔ پرنسپال سکریٹری ( ہوم ) مسٹر دیوا شیش پانڈہ نے بتایا کہ حکومت سارا سنگھ کیس کی سی بی آئی تحقیقات کے لیے پیشرفت کرے گی اور اس خصوص میں مطلوب دستاویزات طلب کئے جائیں گے ۔ قبل ازیں سارا سنگھ کی والدہ سیما سنگھ نے چیف منسٹر اکھلیش یادو سے ملاقات کر کے سی بی آئی تحقیقات کامطالبہ کیا اور یہ الزام عائد کیا کہ ان کی دختر کا قتل کیا گیا ہے ۔ اس مسئلہ پر میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے بتایا کہ سوگوار خاندان کی طمانیت کے لیے حکومت ہر ممکنہ کوشش اقدامات کرے گی ۔ کابینہ اجلاس کے بعد انہوں نے بتایا کہ اس کیس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سارا سنگھ کے خاندان کو پولیس تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ 27 سالہ سارا سنگھ 9 جولائی کو اس وقت ہلاک ہوگئی جس کار میں وہ سوار تھی اسے ان کے شوہر امان منی چلا رہے تھے ۔ کار الٹ جانے کے حادثہ میں وہ کرشماتی طور پر بچ گئے جس کے باعث اس حادثہ پر شک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں ۔ جب کہ یہ ادعا کیا گیا ہے کہ ضلع فیروز آباد میں ایک سیکل راں کو بچانے کی کوشش میں یہ حادثہ پیش آیا تھا ۔ تاہم سارا سنگھ کے خاندان نے کار حادثہ کو منصوبہ بند سازش قرار دیا اور لکھنو میں ریاستی گورنر اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے نمائندگی کر کے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ امان منی ترپاٹھی کے خلاف فیروز آباد کے سرسگانی پولیس اسٹیشن میں 18 جولائی کو قتل کا کیس درج کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ سابق وزیر امرمنی ترپاٹھی کو ایک ہندی شاعرہ مدھو میتا شکلا کے قتل کے الزام میں ستمبر 2003 میں گرفتار کیا گیا ۔ جس کے ساتھ ان کے ناجائز تعلقات تھے ۔ اس کیس میں انہیں عمر قید کی سزاء سنائی گئی ہے ۔۔