سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی 31 ویں برسی

صدرجمہوریہ ، وزیراعظم اور کانگریس قائدین کا خراج عقیدت
نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قوم نے آج سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو ان کی 31 ویں برسی کے موقع پر یاد کیا جبکہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاری اور دیگر قائدین نے ان کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔ پرنب مکرجی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی، دیگر سینئر پارٹی قائدین موتی لال وورا، احمد پٹیل، اشوک گیہلوٹ نے شکتی استھل پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ علاوہ ازیں کانگریس نائب صدر راہول گاندھی اور دہلی پردیش کانگریس اور انڈین یوتھ کانگریس کے لیڈروں نے میموریل پر حاضری دی۔ اس موقع پر بھکتی گیت اور آنجہانی اندرا گاندھی کی تقاریر سنائی گئیں اور اندرا گاندھی کی تعریف اور توصیف میں نعرے لگائے گئے۔ اندرا گاندھی کو ان کے ایک محافظ نے 31 اکٹوبر 1984 ء کے دن فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ دریں اثناء وزیراعظم نریندر مودی نے آج سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی 31 ویں برسی کے موقع پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر آنجہانی گاندھی کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش تقریب کے موقع پر یہاں یوم قومی یکجہتی کے اجتماع سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ملک اور قوم کیلئے اندرا گاندھی نے عظیم قربانی دی ہے۔اسی دوران انڈین یوتھ کانگریس کے ارکان نے دوردرشن کے خلاف احتجاج کیا جس نے اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر کوئی پروگرام پیش نہیں کیا۔ این ڈی اے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے دوردرشن پر نکتہ چینی کی گئی۔ احتجاجیوں نے دودرشن کے دفتر کے باہر مارچ بھی نکالا۔