سابق مرکزی وزیر شیوشنکر چل بسے

حیدرآباد ۔27 فبروری ( سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر پی شیو شنکر چل بسے ‘ آج انہوں نے اپنی قیام گاہ جوبلی ہلز میں آخری سانس لی ‘ چند دن سے ان کی صحت ناساز تھی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ کانگریس قائدین نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ آنجہانی قائد مرکزی وزیر کے علاوہ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ 10 اگست 1929کو پی شیوشنکر حیدرآباد میں پیدا ہوئے ‘ سیاست میں حصہ لیتے ہوئے وہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے ۔ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی کابینہ میں شامل رہے ۔ پیشہ قانون سے سیاست میں حصہ لینے والے پی شیوشنکر نے پہلی مرتبہ 1978ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ سکندرآباد سے منتخب ہوئے ۔ اندرا گاندھی کی کابینہ میں وزیر قانون کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے آنجہانی قائد راجیو گاندھی کی کابینہ میں شامل رہے ۔ منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدرنشین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں ۔ کیرالا اور سکم کے گورنر بھی رہ چکے ہیں ۔ 2004 میں کانگریس سے مستعفی ہوگئے ۔ 2008ء میں فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے چرنجیوی کی جانب سے تشکیل دی گئی سیاسی جماعت پرجا راجیم میں شامل ہوگئے ۔ پرجا راجیم کانگریس میں انضمام کے بعد کانگریس کا حصہ رہے مگر اپنے آپ کو سیاسی سرگرمیوں سے انہوں نے دور رکھا ۔ ان کے فرزند ڈاکٹر ونئے کمار کانگریس میں شامل ہیں اور وہ 2014ء کے عام انتخابات میں اسمبلی حلقہ مشیرآبادسے کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کرچکے ہیں ۔ گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن نے مسٹر پی شیو شنکر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی یپام میں گورنر نے شیو شنکر کی مثالی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ملک کیلئے ان کی خدمات کو یاد رکھا جائیگا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے سینئر قائد پی شیوشنکر کے انتقال پر گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سماجی خدمات بالخصوص پسماندہ طبقات کی ترقی اور بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اُتم کمار ریڈی ‘ ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی) ‘ محمد علی شبیر ( کونسل ) سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا کے علاوہ دوسرے قائدین نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔
سرکاری سطح پر آخری رسومات کی ہدایت
اس دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی سی لیڈر پی شیو شنکر کی آخری رسومات سرکاری طور پر انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔