سابق مرکزی وزیر جناب کمال الدین احمد کا انتقال

حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سابق مرکزی وزیر محمد کمال الدین احمد کا مختصر علالت کے بعد شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں آج انتقال ہوگیا ۔ وہ 90 برس کے تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ محترمہ کے علاوہ دو لڑکے اور چار لڑکیاں ہیں ۔ جناب کمال الدین احمد مرحوم کا تعلق ورنگل کے جنگاؤں سے تھا ۔ جہاں سے انہوں نے بحیثیت وکیل اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا تھا ۔ بعد ازاں سیاسی زندگی سے وابستگی اختیار کی ۔ 1962 میں چریال سے اور 1967 میں جنگاؤں سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔ 1970 تا 1973 آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے صدر نشین رہے ۔ 1980 تا 1984 ورنگل کے رکن پارلیمنٹ رہے ۔ بعد ازاں تین مرتبہ ہنمکنڈہ سے پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے ۔ وہ سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر بھی رہے ۔ سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی سے قریبی روابط تھے ۔ وہ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر رہ چکے ہیں ۔ نماز جنازہ اتوار کو بعد ظہر مسجد عالمگیر ، شانتی نگر ، حیدرآباد میں ادا کی جائے گی ۔ تدفین متصلہ قبرستان میں ہوگی ۔ تفصیلات کے لیے مرحوم کے فرزند جناب رضی الدین احمد سے 9885371828 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔