سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو خراج عقیدت کی پیشکشی

تصویر پر گلہائے عقیدت ، قرآنی خوانی اور ایصال ثواب پروگرام
حیدرآباد۔30جولائی(سیاست نیوز) بابائے مزائل وسابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی نے کہاکہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام معاشی طور پر پسماندہ خاندان کے بچوں کے لئے ایک مثال ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انسان کو اُس کی محنت اور جستجو ملک کے چھوٹے قصبے میںمعاشی طور پر پسماندہ خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود ملک کے سب سے اعلی منصب تک پہنچا سکتی ہے۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ بابائے مزائل ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے انتقال پر آج سارا ملک اشکبار ہے۔ انہو ں نے کہاکہ سائنس اینڈ ٹکنالوجی کی دنیا میں انقلابی کیفیت پیدا کرنے والے اے پی جے عبدالکلام نے سیدھی سادی زندگی گذارتے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ منصب اور عہدے عارضی ہوتے ہیں ۔ اس دوران نیشنل ہاکرس فیڈریشن کے دفتر واقع دارالشفاء میں بھی سابق صدر جمہوریہ کے ایصال ثواب میں فاتحہ خوانی اور ختم قرآن کا اہتمام کیاگیا۔ صدر نیشنل ہاکرس فیڈریشن میر عنایت علی باقری کی نگرانی میں جناب شہباز علی خان امجد اور دیگر نے اس میںحصہ لیا۔ اسی طرح تلنگانہ گزٹیڈ آفیسر س اسوسیشن گریٹر حیدرآباد کے صدر جناب ایس ایم حسینی مجیب کے ہمراہ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد کے سینکڑوں کارکنوں نے بھی سابق صدر جمہوریہ کو خراج عقید ت پیش کیا۔