سابقہ یونین کاربائیڈ سربراہ وارن اینڈرسن کا انتقال

بھوپال / نیویارک ۔ 31 ۔ اکٹوبر : (پرویز باری ) : یونین کاربائیڈ کے سابق سربراہ وارن اینڈرسن جو 1984 میں بھوپال گیس سانحہ کے کلیدی ملزم ہونے کے ناطے ہندوستان کو مطلوب تھے، کا امریکی شہر فلوریڈا میں 92 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔ یاد رہے کہ دسمبر 1984 میں بھوپال میں یونین کاربائیڈ سے زہریلی گیس کے اخراج کے بعد زائد از 3000 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور سینکڑوں افراد معذور ہوگئے تھے ۔ آج بھی ایک نئی نسل جوان ہوگئی ہے ۔ لیکن ان پر بھی اس سانحہ کے اثرات پائے جاتے ہیں ۔ حکومت ہند نے امریکی حکومت کو کئی بار درخواست کی تھی اینڈرسن کو ہندوستان کے حوالے کیا جائے کیوں کہ انہیں سرکاری طور پر ’ روپوش ‘ قرار دیا گیا تھا جب کہ ایک جج نے انہیں ’ بھگوڑا ‘ تک کہہ دیا تھا ۔ 1984 میں سرکاری طور پر مرنے والوں کی تعداد 3787 بتائی گئی تھی لیکن غیر سرکاری اعداد و شمار یہ بتاتے ہیں کہ مہلوکین کی تعداد زائد از دس ہزار تھی ۔۔