سائیکلون : بحریہ نے 27 بنگلہ دیشی شہریوں کو بچا لیا

نئی دہلی ، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بحریہ نے بنگلہ دیش میں ایک بڑی راحت کاری کارروائی میں 27 لوگوں کی جان بچا لی۔ پڑوسی ملک سائیکلون مورا سے متاثر ہے اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی نیز لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ انڈین نیوی کے ترجمان کیپٹن ڈی کے شرما نے کہا کہ بحریہ کے جہاز سمترا نے 27 لوگوں کو بچایا جو بنگلہ دیشی شہر چٹگانگ سے زائد از 100 میل کے فاصلے پر بہہ رہے تھے۔ایسٹرن نول کمانڈ نے بنگلہ دیش میں اپنے بچاؤ آپریشن کے تحت P-81 طیارہ کو مصروف کردیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس علاقے میں خراب موسم کے سبب مزید متاثرین کو ڈھونڈنے اور بچانے کے کام میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ سائیکلون مورا گزشتہ روز بنگلہ دیش سے ٹکرانے کے بعد سے کم از کم چھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔