سائبر آباد اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں خواتین کی خودکشی

حیدرآباد /2 مئی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس حدود میں پیش آئے تین علحدہ واقعات میں زائد جہیز کیلئے ہراسانی کا شکار خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعات میاں پور راجندر نگر اور سرور نگر پولیس حدود میں پیش آئے ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 26 سالہ کے سنیتا جو ریڈی کالونی علاقہ کے ساکن شخص نرسملو کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سنیتا کو زائد جہیز کیلئے شوہراور سسرالی رشتہ دار ہراساں و پریشان کر رہے تھے جس نے کل رات خودکشی کرلی ۔ تاہم متوفی خاتون کے رشتہ داروں نے داماد پر بیٹی کے قتل کا الزام لگایا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ کویتا جو بدویل علاقہ کے ساکن شخص رمیش کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ اس خاتون کو شوہر اور سسرالی رشتہ دار جہیز کیلئے ہراساں و پریشان کر رہے تھے ۔ کویتا کی شادی رمیش سے سال 2010 میں ہوئی تھی اور اس وقت 6 لاکھ روپئے نقد رقم دی گئی تھی ۔ سرور نگر پولیس کے مطابق 23 سالہ رجیتا عرف رنجیتا جو بابو نگر سرور نگر علاقہ کے ساکن سائی کمار کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے زائد جہیز کیلئے ہراسانیوں سے تنگ آکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ اس خاتون کی شادی سال 2017 میں ہوئی تھی اور ان کی ایک 15 ماہ کی لڑکی بھی ہے ۔ شوہر پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے جو ان دونوں آٹو بھی نہیں چلا رہا تھا اور طرح طرح سے زائد جہیز کیلئے بیوی پر دباؤ ڈال رہا تھا جس سے تنگ آکر خاتون نے خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔