سائبرآباد میں سڑک حادثات، چار افراد ہلاک

حیدرآباد 27 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 65 سالہ نارائنا جو کواڑی گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا، 23 فروری کو اپنے مکان کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ نارائنا پیشہ سے رکشا راں بتایا گیا۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 28 سالہ نکھیل گوجی جو پیشہ سے ڈاکٹر تھا، بودھن ضلع نظام آباد کا متوطن بتایا گیا ہے، کل وہ اپنی کار میں ساتھی پدمجا کے ساتھ جارہا تھا کہ مجید پور کے علاقہ میں کار حادثہ کا شکار ہوکر اُلٹ گئی اور شدید زخمی حالت میں نکھیل گوجی اور اس کی ساتھی پدمجا کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں نکھیل فوت ہوگیا۔ پدمجا شدید زخمی بتائی گئی ہے۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 48 سالہ انجیا جو ضلع نلگنڈہ کا متوطن تھا، ساگر روڈ پر رہتا تھا، آج صبح وہ فروٹ مارکٹ سے سامان لارہا تھا اس نے رکشا سڑک کی ایک سمت روک کر سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ کاچی گوڑہ پولیس کے مطابق 57 سالہ سی وی شرما جو ملکاجگیری علاقہ کا ساکن تھا، آج صبح موٹر سائیکل پر کاچی گوڑہ علاقہ سے گزر رہا تھا کہ ایک آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے مصروف تحقیقات ہے۔