سائبرآباد کے ساکن کے قتل مقدمہ میں پانچ افراد بشمول نابالغ گرفتار

راچہ کنڈہ اور حیدرآباد سٹی پولیس کی کارروائی، کمشنر پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 11 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد کے ساکن کا قتل کیا گیا راچہ کنڈہ میں اور حیدرآباد سٹی پولیس نے قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔ تینوں کمشنریٹ کی پولیس چیلینج کا سبب بننے والے اس قتل کیس کو جتیندر کمار ایڈیشنل ڈی ایس پی ٹاسک فورس ساوتھ زون کی کوششوں نے بے نقاب کردیا اور 5 افراد بشمول ایک نابالغ کو گرفتار کرلیا۔ یاد رہیکہ یکم ؍ مئی کو پہاڑی شریف پولیس حدود میں جل پلی تالاب کے قریب ایک نعش برآمد ہوئی تھی اور اس کی شناخت بھی نہیں ہوپائی تھی۔ پہاڑی شریف پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ تاہم دوسری طرف ساوتھ زون ٹاسک فورس حیدرآباد سٹی پولیس نے بھی خاموش کوششوں کا آغاز کردیا تھا۔ پولیس کیلئے قاتلوں کی گرفتاری سے زیادہ ان تک پہنچنے کیلئے مقتول کی شناخت اہم تھی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس مسٹر انجنی کمار نے اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران قاتلوں اور قتل کی وجوہات کا پردہ فاش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت ٹم ٹم سائی ناتھ کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جوآٹو ڈرائیور تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس قتل کیس میں 5 افراد بشمول ایک نابالغ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں 23 سالہ شیخ اسمعیل ساکن مجاہد گراونڈ ملے پلی، شیخ عالم 24 سال ساکن شاہین نگر، 19 سالہ امجد علی خان ساکن سلیمان نگر اور 19 سالہ سمیر ثناء ہوٹل حکیم پیٹ ٹولی چوکی بشمول ایک نابالغ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یکم ؍ مئی کو یہ تمام ساتھی ٹولی چوکی علاقہ میں جمع ہوئے اور انہوں نے رقم حاصل کرنے کی خاطر چندانگر کا رخ کیا اور واپسی میں انہوں نے سائی ناتھ کا آٹو کرایہ پر حاصل کرلیا۔ بات سب کچھ سلیمان نگر آنے تک بھی بہت درست اور دوستانہ ماحول میں جاری تھی۔ سلیمان نگر کے علاقہ میں آٹو ڈرائیور کو کرایہ دینے پر بحث و تکرار ہوئی۔ 700 روپئے کے بجائے 500 روپئے دینے پر اعتراض ہوا اور سائی ناتھ کی خوب پٹائی کے بعد اس کو اسی کے آٹو میں پہاڑی شریف لے جایا گیا اور قتل کے بعد اس کی نعش کو پھینک کر فراری اختیار کرلی اور نعش کو جلادیا گیا۔ ٹاسک فورس پولیس نے تمام حالات و واقعات کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہوئے 48 کیلو میٹر کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جانچ کرنے کے بعد ڈیٹاکی جانچ کے بعد اس کیس کو حل کرلیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے راچہ کنڈہ اور سائبرآباد پولیس کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔