سائبرآباد علاقہ میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے نظام کو فروغ

شہریوں کو ٹریفک قوانین اور اصولوں کی جانکاری حاصل کرنے کا مشورہ ، مسٹر سندیپ شنڈلیہ کا خطاب
حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں ذمہ داری کے ساتھ ڈرائیورنگ کے نظام کو فروغ دیا جائے گا ۔ یہ بات پولیس کمشنر سائبرآباد مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں یوم صفر حادثات نوایکسیڈنٹ ڈے کے موقع پر سائبرآباد میں منعقدہ ایک بڑے پروگرام کو مخاطب کیا ۔ اس پروگرام میں تقریباً 2ہزار سے زیادہ اسکولی طلبہ شریک تھے ۔ جو گچی باؤلی بائیو ڈائیورسٹی پارک پر منعقدہ پروگرام میں جمع تھے ۔ کمشنر سائبرآباد جو اس پروگرام کو مخاطب تھے ۔ کہا کہ سائبرآباد میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے نظام کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹریفک قوانین اور اصولوں کے متعلق آگہی حاصل کریں ۔سگنل کو توڑنے یا پھر پیدل راہگیروں کو مشکلات پیدا کرنے والوں کو غلطیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کے شہریوں کی طرز پر گاڑیوں کو پورے نظم و ضبط کے ساتھ چلانا چاہئے اور ان اقدامات اور اصولوں پر پابندی سے عمل کرتے ہوئے ٹریفک حادثات پر روک لگائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا خطرناک عمل ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( شعبہ ٹریفک ) مسٹر اے آر سرینواس نے کمسن بچوں کو گاڑیوں سے دور رکھنے اور انہیں گاڑی چلانے سے روکنے کا والدین کو مشورہ دیا ۔ ساتھ ہی انہوں نے والدین کو اس بات کا انتباہ دیا کہ اگر کمسن لڑکے موٹر سائیکل و دیگر گاڑیوں کو چلاتے وقت پولیس کی کارروائی کا شکار ہوتے ہیں تو پھر ان لڑکوں کے والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل آوری پر شہری کی ذمہ داری ہے اور ہر شہری کو چاہئے کہ وہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا لازمی طور پر استعمال کریں ۔ اس موقع پر مادھاپور ڈی سی پی وشوا پرساد نے کہا کہ ہر طالب علم کو پرائمری سطح سے اگر ٹریفک قوانین کی آگاہی کروائی جاتی ہے تو مستقبل میں یہ شعور بیداری کافی مدد گار ثابت ہوگی ۔ اس موقع پر طلباء کی جانب سے ٹریفک قوانین پر پیش کردہ پروگرامس کافی دلچسپ اور متاثر کن رہے ۔