زیڈ پی ، ایم پی کے پہلے مرحلے کے شیڈول کی آج اجرائی

نظام آباد میں منعقدہ اجلاس سے چیف الیکشن کمشنرکا خطاب

نظا م آباد :19 ؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع پریشد ، منڈل پریشد کے پہلے مرحلہ کا شیڈول آج جاری کیا جائے گا اس خصوص میں چیف الیکشن آفیسر مسٹر رجت کمار نے ضلع کلکٹر ، ایس پیز کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اوراس بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 20؍ اپریل کے روز شیڈول جاری کیا جائے گا اور 22؍ اپریل کے روز پہلے مرحلہ کا اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ نظام آباد ضلع میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اسی طرح کاماریڈی ضلع میں بھی پہلے مرحلہ کی رائے دہی منعقد کی جارہی ہے ۔ پہلے مرحلہ کی رائے دہی کیلئے 24؍ اپریل تک پرچہ نامزدگی حاصل کی جائے گی ۔ 25؍ اپریل کے روز جانچ پڑتال، 26 کے روز دستبرداری اور 27 ؍ اپریل کے روز نامزدگیوں پر فیصلہ کیا جائے گا اور 28؍ اپریل تک دستبرداری کی جائے گی اور 6؍ مئی کے روز رائے دہی صبح 10:30 بجے سے 5 بجے تک انجام دی جائے گی ۔ دوسرے مرحلہ کیلئے 26؍ اپریل کے روز اعلامیہ جاری کیا جائے گانظام آباد ضلع کے بودھن اور کاماریڈی ضلع کے بانسواڑہ میں دوسرے مرحلہ کی رائے دہی ہوگی اور 28؍ اپریل تک پرچہ نامزدگی حاصل کی جائے گی اور29 ؍ اپریل کے روز جانچ پڑتال اور 2؍ مئی کے روز دستبرداری اور 10؍ مئی کے روز رائے دہی ہوگی ۔ تیسرے مرحلہ کی رائے دہی کیلئے 30؍ اپریل کے روز اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور 2؍ مئی تک پرچہ نامزدگی اور 6؍ مئی تک دستبرداری اور 14؍ مئی کے روز رائے دہی منعقد ہوگی ۔ کل منعقدہ اجلاس میں الیکشن آفیسر ناگی ریڈی نے کلکٹر اور ایس پی کو تفصیلات سے واقف کروایا ۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر رام موہن رائو ، پولیس کمشنر کارتیکیا ، سی ای او ضلع پریشد وینو ، ڈپٹی سی او گویند کے علاوہ کاماریڈی ضلع کلکٹر ستیہ نارائنا ، ایس پی شویتا ریڈی نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔