زیادہ اونچی ہیل خواتین کی صحت کیلئے مضر!

جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اونچی ہیل ہمیشہ ہی ایک مسئلہ رہی ہے اور اس کی وجہ سے پنڈلیوں کو عام حالات کے مقابلے میں زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ بعض اوقات اونچی ہیل والی سینڈل یا چپل خریدیں تواپنے پیروں سے لے کر سر تک کے توازن کا بے حد خیال رکھیں کیونکہ جسم کے تمام جوڑوں کے درد آپ کے پیروں سے ہی شروع ہوتے ہیں لیکن اگر آپ اپنی صحت کو فیشن پر فوقیت دیتی ہیں تو آپ کو اشد ضرورت ہے کہ صرف اس طرز کی چپل یا شوز خریدیں جن کو پہننے کے بعد آپ مکمل اطمینان محسوس کریں اور سیدھی کھڑی ہونے پر سکون بخش توازن بھی محسوس کریں۔ کبھی بھی جوتے یا سینڈل صرف پیمائش پر نہ خریدیں بلکہ انھیں پہن کر دیکھیں۔ اگر مکمل فٹ ہوں تو اسی صورت میں خریدیں۔ جس طرح تنگ جوتا یا سینڈل پاؤں کیلئے نقصان دہ ہوتا ہے اسی طرح ڈھیلا جوتا یا ڈھیلی سینڈل بھی پیروں کے لئے نقصان دہ ہیں بلکہ اگر سائنسی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو ڈھیلا جوتا پیروں کے لئے زیادہ نقصان دہ ہوتا ہے وہ اس لئے کہ ڈھیلے جوتے یا ڈھیلی سینڈل کبھی بھی انسانی جسم کا توازن برقرار نہیں رکھ سکتی۔

اگر آپ اونچی ہیل کی عادی نہیں ہیں تو پھر پہلی مرتبہ ہی زیادہ اونچی ہیل ہرگز نہ خریدیں بلکہ چھوٹی ہیل سے ابتداء کریں تاکہ بتدریج آپ اونچی ہیل کی سینڈل کی عادی ہوجائیں اور ہیل کے ساتھ چلنے اُٹھنے بیٹھنے میں ماہر ہوجانے کے بعد بڑی اور ہر قسم کی ہیل کا استعمال مہارت اور نقصان کے بغیر کرسکیں۔ اس سلسلے میں قدرے چوڑی ہیل کا استعمال زیادہ مناسب رہے گا۔ ہیل کا استعمال جسم کی ساخت کے اعتبار سے کریں۔ اگر آپ قدرے بھاری پنڈلیوں کی مالک ہیں تو پھر ضرورت سے زیادہ اونچی یا پنسل ہیل سے بچیں۔ اس قسم کی ہیل آپ کی صحت کے لئے مضر ثابت ہوسکتی ہے۔ اگر آپ کے جسم کا وزن زیادہ ہے تو پھر سوچئے کہ ایک پنسل ہیل آپ کے وزن کو کس طرح سہہ سکتی ہے۔ لیکن اگر آپ سلم اور اسمارٹ جسم رکھتی ہیں تو پھر بے شک آپ اسی مناسبت سے پنسل اور اونچی ہیل استعمال کرسکتی ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ توازن اولین شرط ہے۔ اگر آپ نئی نئی لمبی اور پتلی ہیل استعمال کرنے لگی ہیں تو ضروری ہے کہ ایسی سینڈل کا انتخاب کریں جو متوازن ہونے کے ساتھ ساتھ ٹخنوں تک ضروری پٹوں کے ساتھ ہوں۔ یہ پٹے آپ کا توازن برقرار رکھنے میں بے حد مددگار ثابت ہوں گے۔ اس کے ساتھ یہ بھی دیکھیں کہ ہیل پتلی ہونے کے ساتھ سینڈل کا اگلا حصہ چوڑا ہے یا نہیں، کیونکہ پتلی ہیل ہونے کی صورت میں چوڑے پنجے والی سینڈل آپ کے توازن کو برقرار رکھنے میں زیادہ اہم کردار ادا کرتی ہے۔

سینڈل خریدنے کے بعد آپ یہ سیکھیں کہ ان میں چلا کس طرح جائے۔ گھر میں پریکٹس کرنا زیادہ مناسب ہوگا دیکھیں کہ آپ کو چلنے میں دقت تو محسوس نہیں ہورہی ہے اگر ایسا ہے تو جان لیں کہ یہ سینڈل متوازن نہیں ہے اور جس کا توازن لامحالہ برقرار رکھنا ہی پڑتا ہے۔ اس کوشش میں چال میں واضح خرابی دکھائی دیتی ہے۔ سب سے پہلے چھوٹے قدم اُٹھاکر چلنا سیکھیں یوں کہ بڑے قدموں سے پہلے ہیل زمین پر ٹکراتی ہے، جبکہ توازن قائم رکھنے کے لئے سینڈل کا اگلا حصہ پہلے رکھنا زیادہ ضروری ہے۔ کسی بھی لمبے سفر پر جانے سے پہلے گھر پر ہی اچھی طرح ان تمام باتوں کو چیک کرلیں کہ یہ سینڈل آپ کو کاٹ تو نہیں رہی ہے کیونکہ ایسی صورت میں آپ کو لمبے سفر پر انتہائی پریشانی اُٹھانی پڑسکتی ہے۔