زونل سسٹم برخواست کرنے کے مسئلہ پر اجلاس

چیف سکریٹری کا یونین قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال
حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں زونل سسٹم برخواست کرنے کے مسئلہ پر ریاستی چیف سکریٹری مسٹر ایس پی سنگھ نے ملازمین کی مختلف یونینوں کے قائدین کا ایک اہم اجلاس طلب کیا جس میں اعلیٰ عہدیداروں، مختلف ملازمین، یونینوں کے قائدین نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 29جون کو بھی ایک اور اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف سکریٹری نے ملازمین یونینوں کے قائدین کو اس بات کا واضح تیقن دیا ہے کہ زونل سسٹم کو برخواست کردینے کی وجہ سے موجودہ ملازمین کو کسی قسم کی مشکلات و مسائل پیش نہیں آئیں گے۔ اسی دوران تلنگانہ این جی اوز یونین قائد مسٹر رویندر ریڈی نے چیف سکریٹری سے سپرنٹنڈنٹ سطح کی ملازمتیں ضلع سطح کی جائیدادوں کے طور پر ہی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کوئی قطعی فیصلہ کرنے سے قبل ملازمین سے بھی رائے طلب کرنے کے بعد ہی مسودہ مرتب کرنا چاہیئے تاکہ ملازمین کو بھی سہولت ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے رکروٹمنٹس زیادہ سے زیادہ ضلعی اساس پر کئے جانے چاہیئے اور ریاستی سطح کے عہدے ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو ہی 80:20 کے تناسب سے فراہم کئے جانے چاہیئے۔
اگر ریاستی سطح کے عہدوں پر کسی اور کو تعینات کئے جانے کی صورت میں حکومت کے اس اقدام کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا۔