زندگی میں کامیابی کیلئے ریاضی میں مہارت ضروری : زاہد علی خاں

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( نمائندہ خصوصی ) : ریاضی ایک انتہائی دلچسپ مضمون ہے ۔ لیکن اکثر طلبہ اسے ایک مشکل مضمون سمجھتے ہیں تاہم ریاضی یا میاتھمیٹکس کو کوئی سمجھ لے تو پھر اس کے لیے کوئی مشکل باقی نہیں رہتی ۔ ہر مضمون اس کے لیے آسان ہوجاتا ہے ۔ آپ جتنی مشق کریں گے ریاضی میں اتنی ہی مہارت حاصل کرتے جائیں گے ۔ اس سے ایک کھیل کی طرح محظوظ ہوں گے اور یہ کیفیت آپ میں پیدا ہوجائے تو سمجھئے کہ اب تعلیمی شعبہ میں کوئی چیز مشکل نہیں اس لیے ریاضی ( میاتھس ) پر خصوصی توجہ دیں اور اپنے نمبرات میں اضافہ کیجئے ۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے سیاست کے زیر اہتمام چھٹویں تا 9 ویں جماعت کے طلبہ کے لیے منعقدہ آؤ میاتھس سیکھیں پروگرام سے خطاب کررہے تھے ۔ اس دو روزہ پروگرام میں ممتاز ماہر ریاضی ( میاتھمیٹکس ) وی وی این ایس ایس رام طلباء و طالبات کو ریاضی سیکھنے کے آسان طریقے بتا رہے ہیں ۔ محبوب حسین جگر ہال میں منعقدہ کلاس کے پہلے دن دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور اولیائے طلبہ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ جناب زاہد علی خاں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاضی ایک ایسا مضمون ہے جس میں طلبہ صد فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ رینک حاصل کرسکتے ہیں ۔ خاص طور پر ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ میں ریاضی کے پرچہ میں زیادہ نمبرات کا حصول طلبہ کو دیگر طلبہ پر فوقیت دلاتا ہے ۔

واضح رہے کہ تقریبا 9 برسوں سے اردو ، انگریزی اور تلگو میڈیم کے طلبہ کو ریاضی میں ماہر بنانے کے لیے یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ۔ ایڈیٹر سیاست نے کہا کہ ادارہ سیاست کا مقصد نونہالان ملت کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانا ہے تاکہ وہ زندگی کے ہر شعبہ میں اپنے دیگر ابنائے وطن کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں ۔ ادارہ سیاست نے ہمیشہ ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ صلاحیتوں کی قدر دانی کی گئی ۔ اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں میڈلس کی تقسیم کا آغاز کیا یہ سب کچھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا کہ ہمارے بچے تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہ رہیں اور ان میں کسی قسم کا احساس کمتری پیدا نہ ہو ۔ جناب زاہد علی خاں نے اولیائے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں ۔ یہ بچے دراصل ملت کا اثاثہ ہیں ۔ یہ اگر تعلیم یافتہ ہوں گے تو ملت ترقی کرے گی ۔ اس موقع پر طلبہ اور اولیائے طلبہ نے اس طرح کے تعلیمی پروگرامس کے لیے ایڈیٹر سیاست کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ سیاست پرائمری سے لے کر پی ایچ ڈی تک طلباء و طالبات کی مدد کررہا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ملازمتوں کے لیے مسلمانوں کی رہنمائی کو اس نے اپنا مشن بنالیا ہے ۔ مسٹر وی وی این ایس ایس رام نے کہا کہ اس طرح کی کلاس بناء فیس کے منعقد نہیں کی جاتی لیکن جناب زاہد علی خاں نے ان سے کہا کہ ادارہ سیاست طلبہ کو مفت تربیت فراہم کرنے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے اولیائے طلبہ کو بتایا کہ بہت جلد سائنس کی کلاس کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ ابتداء میں مینجر دکن ریڈیو زاہد فاروقی نے خیر مقدم کیا اور آخر میں سید خالد محی الدین اسد نے شکریہ ادا کیا ۔۔