زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی مایوسی میں اضافہ کرنے تیار

برسبین ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) زمبابوے کی ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوسی میں اضافہ کرنے کے لیے تیار دکھائی دے رہی ہے۔دونوں ٹیمیں اتوار کے روز برسبین کے وولن گابا میں مدمقابل آنے والی ہیں۔پاکستانی ٹیم ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کے بعد پہلی جیت حاصل کر کے کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کے لیے بے چین ہے لیکن زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا کو یقین ہے کہ اگر ان کے کھلاڑیوں نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے مطابق یہ میچ کھیلا تو نتیجہ ان کے حق میں ہوسکتا ہے۔’یہ میچ ہمارے لیے بڑی اہمیت رکھتا ہے اور جیت کی صورت میں ہمارے لیے کوارٹر فائنل تک رسائی کے امکانات موجود رہیں گے لیکن اس کے لیے ہمیں کھیل کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔