زمبابوے، ویسٹ انڈیز، پاکستان سیریز پر اعتراض

ڈھاکہ ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے زمبابوے میں میزبانوں کے ساتھ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی مجوزہ ٹرائی سیریز پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، جو چمپینس ٹروفی کیلئے ایک مقام کو طئے کرنے کے سلسلے میں زیرغور ہے۔ اس سیریز میں دو دورہ کنندہ ٹیمیں اور میزبان آپس میں مسابقت کے ذریعے انگلینڈ میں 2017ء کے ایونٹ کیلئے آٹھواں اور آخری مقام حاصل کرنا چاہیں گے۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان بورڈز کی جانب سے ایسے کامپٹیشن کا اہتمام کہ خود اپنے متعلقہ مفادات کو آگے بڑھایا جاسکے کوئی مناسب عمل نہیں ہوسکتا، بی سی بی میڈیا کمیٹی چیرمین جلال یونس نے گزشتہ روز یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ آئی سی سی نے فیوچر ٹورس پروگرام سے لاتعلقی اختیار کرلی جس کے بعد سے ٹورس کا اہتمام خراب ہوچلا ہے۔ تاہم یہ ٹرائی سیریز چمپینس ٹروفی میں بنگلہ دیش کے مقام کو جوکھم میں نہیں ڈالتی ہے۔ ٹاپ آٹھ ونڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) ٹیمیں بشمول میزبان انگلینڈ اس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ بنگلہ دیش اپنی حالیہ سیریز کے دوران جو اس نے ہندوستان کے خلاف 2-1 سے جیتی، 93 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ وہ آئندہ ماہ وطن میں تین میچ کی او ڈی آئی سیریز جنوبی افریقہ سے کھیلیں گے۔ ویسٹ انڈیز آٹھویں پوزیشن پر رہتے ہوئے پانچ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ پاکستان کا موجودہ طور پر نواں مقام ہے لیکن انھیں سری لنکا کے خلاف 11 جولائی کو شروع ہونے والی پانچ میچ کی سیریز کھیلنا ہے۔ 30 ستمبر ٹیموں کی درجہ بندی طئے کرنے کیلئے قطعی تاریخ ہے۔