زرعی شعبہ میں تیز رفتار شرح ترقی ضروری

روہتک 26 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ ملک کی دیہی ترقی میں زراعت بہت اہم رول ادا کرتی ہے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج کہا کہ زرعی اور فارم شعبہ کی ترقی کو تیز رفتار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعات کے شعبہ میں توقعات کے مطابق ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ایک بار پھر سبز انقلاب لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر ملک میںدیہی ترقی میں زراعت بہت اہم رول ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے چوتھے چودھری رنبیر سنگھ یادگار لیکچر میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ زراعت اب جملہ گھریلو پیداوار کا 14 فیصد اور جملہ برآمدات کا 11 فیصد ہے لیکن یہ مینوفیکچرنگ شعبہ کی سپلائی چین میں ایک اہم رابطہ رکھتا ہے ۔ ساتھ ہی صنعتی اشیا کیلئے ایک بڑی مارکٹ بھی ہے ۔

جناب حامد انصاری نے کہا کہ ایسی صورتحال میں زرعی پیداوار کی شرح میںتیز رفتاری لانے نہ صرف جملہ گھریلو پیداوار کی شرح کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے بلکہ غذائی اجناس کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کی شرح میں بہتری کے نتیجہ میں اس شعبہ سے وابستہ افراد کی آمدنی میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے اور ہمارے سماج کی اجتماعی ترقی کو یقینی بنانے میں بھی اس سے مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیارہویں پنچ سالہ منصوبہ کے دوران زرعی پیداوار اور اس سے متعلقہ شعبوں کی شرح ترقی 3.7 فیصد رہی ہے جبکہ چار فیصد کا نشانہ رکھا گیا تھا ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ دسویں پنچ سالہ منصوبہ میں زرعی شعبہ کی ترقی 2.4 فیصد ہی رہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل تشویش ہے کہ حالیہ وقتوں میں زرعی شعبہ میں شرح ترقی کی رفتار نسبتا کم رہی ہے ۔ پنجاب ‘ ہریانہ ‘ اتر پردیش اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں بھی یہ شرح کم رہی ہے ۔