زرداری کو عدالت میں حاضری سے مستقل استثنیٰ

اسلام آباد ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے انسداد رشوت ستانی ادارہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ان کے خلاف درج مقدمات کے ضمن میں عدالت میں شخصی طور پر حاضری سے آج مستقل استثنیٰ دیدیا ۔ اس ادارہ نے زرداری کی جان کو لاحق سکیورٹی خطرات کے پیش نظر یہ استثنیٰ دیا ہے ۔ زرداری کے وکیل امجد قریشی نے مقدمہ کی سماعت کے دوران جج سے کہا کہ خطرات کے سبب وہ شخصی طور پر عدالت میں حاضری سے قاصر ہیں ۔ زرداری جو پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر بھی ہیں انتہائی سخت ترین سکیورٹی کے ساتھ /9 جنوری کو مقدمہ کی سماعت کیلئے عدالت میں آخری مرتبہ حاضر ہوئے تھے ۔ بعد ازاں انہوں نے قومی احتساب بیورو کی طرف سے درج کردہ رشوت ستانی کے تمام مقدمات میں برأت کی درخواست کی تھی ۔

زرداری کے ایک وکیل اور سابق وزیر قانون فاروق نائک نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ زرداری کے خلاف ان مقدمات میں الزامات عائد نہیں کئے جاسکتے کیونکہ ان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کیلئے کوئی ثبوت دستیاب نہیں ہے ۔ فاروق نائک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زرداری کے خلاف محض الزامات ہیں جنہیں کبھی ثابت نہیں کیا جاسکتا ۔ زرداری کے خلاف رشوت ستانی کے 5 مقدمات اس وقت سے زیردوران ہے جب ان کی مقتول بیوی بے نظیر بھٹو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز تھیں ۔