زخمی مورگن آسٹریلیا کیخلاف انگلش ٹیم کے کپتان

لندن۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کا م ) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف مجوزہ ونڈے سیریز کے لیے الگ الگ ٹیموں کو اعلان کرتے ہوئے زخمی ایان مورگن کو ہی کپتان برقرار رکھا ہے۔انگلینڈ کے کپتان مورگن گزشتہ دنوں مقامی لیگ میچ کے دوران انگلی کی تکلیف کا شکار ہوئے اور انگلی میں فریکچر کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ الیون کی قیادت سے محروم ہو گئے۔تاہم زخمی ہونے کے باوجود انگلش سلیکٹرز نے کپتان کو اسکواڈ کا قائد برقرار رکھا ہے تاہم ان کی سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔ اسکواڈ میں فاسٹ بولر لیام پلنکٹ کی دوبارہ واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر جوز بٹلر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سیم بلنگز صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ ٹام کیورن بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔آسٹریلیا کے خلاف اعلان کردہ اسکواڈ کپتان ایان مورگن، معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، ٹام کیورن، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل راشد، جو روٹ، جیسن رائے، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وْڈ پر مشتمل ہے۔اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی ہو ئی اور وکٹ کیپر جوز بٹلر کی جگہ بلنگز ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ انگلش ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک ونڈے کھیلے گی اور اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 5 ونڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔