زخمی رباداکی ورلڈ کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان

جوہانسبرگ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں 30 مئی کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے سبھی ٹیمیں زوروشور سے تیاریاں کررہی ہیں، لیکن جنوبی افریقی ٹیم کے لئے ایک بری خبرسامنے آئی ہے۔ دراصل جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر اوردنیا کے سب سے خطرناک بولروں میں سے ایک کگیسو ربادا کو ڈاکٹروں نے اب بھی آرام کا مشورہ دیا ہے۔ کگیسو ربادا آئی پی ایل کے دوران زخمی ہوئے تھے، انہیں کمردرد کی شکایت ہوگئی تھی۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق کگیسوربادا کی حالت میں بہتری تو ہورہی ہے لیکن ان کا زخم ٹھیک ہونے میں اب بھی دو سے تین ہفتوں کا وقت ہے۔ کرکٹ جنوبی افریقہ کی میڈیکل ٹیم نے کہا کہ وہ ربادا کی پیٹھ کی چوٹ کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے زیادہ محتاط رہنا چاہتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ربادا ٹورنمنٹ میں بڑا رول نبھائیں گے۔ ٹیم کے ڈاکٹرمحمد موسیٰ جی کے حوالے سے لکھا ہے ربادا کے چوٹ سے ابھرنے کا وقت دو تین ہفتے کا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وہ ورلڈکپ ٹیم کا حصہ بننے کیلئے جلدی واپسی کریں گے۔یادرہے کہ کگیسو ربادا ان دنوں شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں اپنی رفتارکے دم پر12 میچوں میں 25 وکٹ حاصل کئے تھے۔ حالانکہ اس کے بعد چوٹ کے سبب وہ باہرہوگئے۔فاسٹ بولر ڈیل اسٹین بھی کندھے کی چوٹ سے جدوجہد کررہے ہیں۔ اسٹین آئی پی ایل میں دو ہی میچ کھیل کرباہرہوگئے۔ ربادا کا ونڈے ریکارڈ بھی شاندارہے۔ وہ 66 میچوں میں 106 وکٹ لے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے کئی فاسٹ بولرس چوٹ سے جدوجہد کررہے ہیں۔ لنگی اینگڈی نسوں میں کھنچاو کے سبب پریشان ہیں۔ ڈیل اسٹین بھی کندھے کی چوٹ سے جدوجہد کررہے ہیں۔ اسٹین آئی پی ایل میں دو ہی میچ کھیل کرباہرہوگئے۔ اینرچ ناترجے ورلڈکپ سے باہرہوگئے ہیں۔سلیکٹروں نے ناترجے کی جگہ آل راونڈرکرس مارس کو ورلڈکپ ٹیم میں جگہ دی ہے۔