ریگل راپٹر ملک میں پہلی مرتبہ امریکہ کی ریگل راپٹر

موٹر سائیکل کی تیاری کا تلنگانہ میں پلانٹ
آٹو موبائیل صنعت میں مسلم صنعت کاری کا ایک مثالی اقدام
حیدرآباد 17 جون ۔ امریکہ کی ریگل ریاپٹر موٹر سائیکل نے ہندوستان میں پہلی مرتبہ علاقہ میں تیاری کا منصوبہ بنایا۔ فیاب موٹرس کی جانب سے ریگل راپٹر موٹر سائیکل کا یہ پلانٹ ایک ہزار کروڑ روپئے کے وسیع سرمایہ سے علاقہ تلنگانہ میں قائم کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے جلد ہی فیاب موٹرس انڈیا کو (30) ایکڑ اراضی فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اس کمپنی کے صدرنشین ڈاکٹر ایم جی جیلانی کو موٹر سائیکل کی تیاری کیلئے پلانٹ کے قیام کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کچھ عہدیداروں کو ہر طرح کی سہولتیں اور درکار ضرورتوں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فیاب موٹرس کے منیجنگ ڈائرکٹر ایم جی شارق ہیں۔ سارے ملک میں پہلی مرتبہ ایک مسلم صنعت کار ڈاکٹر ایم جی جیلانی کی جانب سے عصری موٹر سائیکلوں کی تیاری کا یہ پلانٹ قائم کیا جارہا ہے جس سے راست یا بالراست 2 ہزار 500 افراد کو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس طرح ہند مند افراد کو روزگار کا شاندار موقع حاصل ہوگا۔ منیجنگ ڈائرکٹر فیاب موٹرس ایم جی شارق کے بموجب حکومت تلنگانہ کے پلانٹ کے قیام کے سلسلہ میں اراضی کی رعایتی قیمت پر فراہمی کا بھی تیقن دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ فیاب موٹرس کی یہ موٹر سائیکل ہندوستان کے علاوہ سری لنکا، پاکستان، بھوٹان، نیپال، متحدہ عرب امارات، عمان، سعودی عرب اور یمن میں فروخت کیلئے پیش کی جائے گی۔ ڈاکٹر ایم جی جیلانی نے مزید بتایا کہ ایف ای ایل ہندوستان میں لانچ کی جانے والی اس موٹر سائیکل کے تین ماڈل بابر BOBBER-350 ، ڈیونا DAYTONA-350 اور ڈی ڈی E-9B.350 پیش کئے جارہے ہیں۔ اس موٹر سائیکل کی زیادہ سے زیادہ رفتار 130 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ اس موٹر سائیکل کی ابتدائی قیمت 2 لاکھ 96 ہزار روپئے ہے۔ موٹر سائیکل کی بکنگ کا آغاز تیزی سے ہوچکا ہے۔ سارے ملک میں ڈیلرشپ کے حصول کیلئے درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ صدرنشین ایم جی کے بموجب پلانٹ اس سال 2015 ء کے اواخر تک کارگر ہوجائے گا۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمد محمود علی نے بھی موٹر سائیکل کی تیاری کے پلانٹ کے قیام پر ڈاکٹر ایم جی جیلانی کو مبارکباد دی اور اپنے مکمل تعاون کا تیقن دیا۔ مسٹر محمود علی نے اس عصری موٹر سائیکل کا معائنہ کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔ منیجنگ ڈائرکٹر ایم جی شارق نے مزید بتایا کہ اس موٹر سائیکل کے حاصل کرنے کیلئے نوجوانوں میں کافی اشتیاق پایا جاتا ہے۔ انھوں نے نوجوانوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر موٹر سائیکل کی خریدی کیلئے بکنگ جاری ہے۔ بکنگ کیلئے خواہشمند جوبلی ہلز روڈ نمبر 36 پر FABB ہاؤس فون نمبر 040-69999032 / 040-69999023 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔