ریکریشن کلب پروپرائٹر قتل کیس کے پانچ ملزمین گرفتار

موٹر سائیکلیں اور ہتھیار ضبط ، ڈی سی پی ایسٹ زون ڈاکٹر اے رویندر کا بیان
حیدرآباد /30 نومبر ( سیاست نیوز ) سعیدآباد پولیس نے ریکریشن کلب پروپرائٹر کے قتل کیس میں ملوث پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے مہلک ہتھیار کو برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر اے رویندر نے بتایا کہ آر سرینواس عرف بابو ساکن بی ایس این ایل کوارٹرس سعیدآباد کو اس کے بڑے بھائی آر سبھاش اور اس کے چار ساتھیوں نے آبائی مکان کے تنازعہ کے نتیجہ میں اس کا مبینہ طور پر بہیمانہ قتل کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آر سبھاش جو مادناپیٹ کا مبینہ سابق روڈی شیٹر ہے اور 1993 میں پیش آئے قتل کے واقع میں مبینہ ملوث ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول بابو اور اس کے بھائی سبھاس کے درمیان مادناپیٹ ، کرماگوڑہ میں واقع 200 مربع گز پر مشتمل آبائی مکان پر تنازعہ چل رہا تھا اور مقتول نے 1983 میں مکان اپنے نام پر رجسٹریشن کروالیا تھا ۔ اس مسئلہ کو لیکر بھائیوں میں تنازعہ اٹھ کھڑا ہوگیا تھا ۔جبکہ مقتول بابو نے مکان کے دستاویزات کو بینک میں گروی رکھ دیاتھا ۔ سبھاش اپنے چھوٹے بھائی کو مسلسل بینک کا قرض ادا کرنے اور دستاویزات حاصل کرتے ہوئے متروکہ جائیداد میں حصہ دینے کیلئے اصرار کر رہا تھا ۔ لیکن مقتول بینک قرض کی ادائیگی میں تاخیر کر رہا تھا جس کے سبب سبھاش نے بابو کے قتل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ۔ کل رات سبھاش نے اپنے چار ساتھیوں 46 سالی بی درمیندر سنگھ ، 45 سالہ ، اے جان ، 40 سال وی ستیش کمار چاری اور 38 سالہ جی کرن کے ہمراہ بابو پر مہلک ہتھیاروں سے چمپاپیٹ علاقہ میں مبینہ حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار اور موٹر سائیکل برآمد کرلئے ۔