ریڈی میڈ ملبوسات اورملازمت پیشہ خواتین

ملازمت کرنے والی خواتین کو اپنے لباس کا خاص طور پر خیال رکھنا پڑتا ہے ، لیکن اپنی دوہری ذمہ داریوں کے باعث ان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ کپڑوں کی خریداری اور تیاری کیلئے خاطر خواہ وقت دے سکیں۔ کبھی کبھی تو وہ اپنی مصروفیات میں اس طرح گِھر جاتی ہیں کہ انہیں خبر ہی نہیں رہتی کہ آج کل ملبوسات میں کونسا فیشن چل رہا ہے۔

ساتھ کام کرنے والی خواتین کو دیکھ کر کچھ نہ کچھ اندازہ تو بہر حال لگایا جاسکتا ہے لیکن ضروری نہیں کہ جیسے کپڑے وہ پہنتی ہیں وہ آپ کو پسند آئیں، اور ہوسکتا ہے کہ ان کے پاس بھی فیشن کو اپنانے کا وقت نہ ہو۔ تاہم آج کل جہاں زندگی کی مصروفیات میں اضافہ ہوا ہے وہیں بہت سی سہولتیں بھی حاصل ہوگئی ہیں۔ ایک زمانہ تھا کہ جب بازار میں محدود پیمانے پر ریڈی میڈ ملبوسات دستیاب ہوا کرتے تھے اور محدود انتخاب کے باعث درزی سے ہی کپڑے سلوانے پڑتے تھے۔ لیکن اب مارکٹ میں ہر قسم کے ملبوسات کی رینج موجود ہے۔ آپ بھی اپنی پسند اور گنجائش کے مطابق انہیں خرید سکتی ہیں۔ آفس کیلئے آپ جتنے بھی ڈریس خرید لیں کم ہی لگتے ہیں کیونکہ انہیں روزانہ پہننا ہوتا ہے۔ اس لئے اب آپ کے پاس یہ سہولت موجود ہے کہ سمجھداری اور کفایت سے کام لیتے ہوئے جدید فیشن کے مطابق اپنی وارڈ روب میں کپڑوں کا اضافہ کرسکیں۔