ریپ کی شکار طالبہ کیخلاف ریمارک، وزیر کی برطرفی کا مطالبہ

نئی دہلی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) نے آج راجستھان کے وزیر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا جس نے اجتماعی عصمت ریزی کی شکار طالبہ کی صداقت پر سوال اٹھایا ہے۔ مرکز نے راجیہ سبھا کو تیقن دیا کہ وہ ایوان کی فکرمندی سے ریاستی حکومت کو واقف کرائے گا تاکہ ضروری اقدامات کئے جاسکیں۔ اس مسئلہ پر وقفہ صفر کے دوران مختصر التواء کے بعد جے ڈی (یو) لیڈر کہکشاں پروین نے وقفہ صفر کے دوران دوبارہ یہ معاملہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ مرکز کو فوری اقدام میں راجستھان کے وزیر کو برطرف کردینا چاہئے جس نے ’’غیرذمہ دارانہ‘‘ ریمارکس کئے ہیں۔ پروین نے کہا: ’’مجھے اعتماد ہے وزیراعظم خواتین کا کافی احترام کرتے ہیں۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو اس (راجستھان کے) وزیر کو فوری برطرف کیا جانا چاہئے۔‘‘ یہ بدبختانہ ہے کہ ریاستی وزیر داخلہ نے اس طرح کے ریمارکس کئے ہیں۔ جے ڈی (یو) ممبر کے مطالبہ پر جواب دیتے ہوئے مملکتی وزیر پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ اس طرح کے کسی بیان کی تائید نہیں کی جاسکتی۔ اگر یہ سچ ہے تو اس کی مذمت ہونی چاہئے۔ قومی کمیشن برائے خواتین نے نوٹس دی ہے۔ ساتھ ہی مرکز اس ایوان کے احساسات سے ریاستی حکومت کو واقف کرائے گا تاکہ وہ اصلاحی اقدامات کریں۔