ریو اولمپکس کیلئے انڈیا کا جتھہ 98 رکنی رہیگا

206 اقوام کے 10,500 اتھلیٹس کی 5 اگسٹ سے مسابقت
نئی دہلی ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک گیمز 2016ء کا 5 اگسٹ کو ریو ڈی جنیرو (برازیل) میں آغاز ہوگا۔ ان گیمز کے 28 ویں ایڈیشن میں 206 نیشنل اولمپک کمیٹیوں بشمول کوسوو اور جنوبی سوڈان جیسی پہلی مرتبہ حصہ لینے والی قومیں شامل ہیں، ان سے وابستہ 10,500 اتھلیٹس ایکشن میں دیکھنے میں آئیں گے۔ ان تمام اقوام کے جتھے 28 اولمپک کھیلوں میں مختلف نوعیت کے 306 تمغوں کے سٹس کیلئے مسابقت کریں گے۔ لیکن ہندوستان کیلئے اہمیت کا حامل عدد 98 ہے جبکہ انڈیا اپنا اب تک کا سب سے بڑا اولمپک جتھہ ریو کو بھیج رہا ہے۔یہ آٹھ سال قبل 2008ء بیجنگ گیمز میں شریک 56 ہندوستانی اتھلیٹس کے مقابل نمایاں بہتری ہے۔ ہندوستان ہمیشہ ہی اولمپکس میں حقیقی قابلیت سے کمتر مظاہرہ پیش کرتا آیا ہے۔ لیکن گزشتہ دو ایڈیشنس میں
انڈیا نے اٹلانٹا 1996ء ، سڈنی 2006ء اور ایتھنس 2004ء میں اپنے واحد میڈل والی کارکردگی میں اضافہ کرتے ہوئے بیجنگ 2008ء میں تین اور لندن 2012ء میں عدیم النظیر چھ تمغے جیتے۔ ریو 2016ء میں ہندوستان کا مطمح نظر رہے گا کہ تمغوں کی تعداد کو دو ہندسی عدد تک بڑھایا جائے، جو چند سال قبل بعید از حقیقت نشانہ معلوم ہوتا تھا، مگر اب قابل حصول نظر آتا ہے۔ انڈیا آرچری، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، ہاکی، جمناسٹکس، جوڈو، روئنگ، شوٹنگ، ٹیبل ٹینس، (لان) ٹینس، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ و دیگر کھیلوں میں مسابقت کرے گا۔