ریونت ریڈی کی ضمانت عبوری راحت ‘ سزا ملنا یقینی

اسکام میں چندرا بابو نائیڈو کے رول کا بھی ٹھوس ثبوت موجود ‘ ٹی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی
حیدرآباد۔ 30 جون (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی اے جیون ریڈی (آرمور) نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ریونت ریڈی کو سزا یقینی ہے اور ہائیکورٹ کی جانب سے جو ضمانت منظور کی گئی، وہ صرف عبوری راحت ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو کے پاس اس اسکام میں ریونت ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو کے ملوث ہونے کا ٹھوس ثبوت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکام کی مکمل تحقیقات کے بعد ریونت ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو قانون کے شکنجے سے ہرگز بچ نہیں سکتے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی کو ضمانت کی منظوری پر تلگو دیشم کارکنوں کی جانب سے جشن اور ریالیوں کا اہتمام مضحکہ خیز ہے۔ تلگو دیشم پارٹی نے اسکام کے ایک ملزم کی ضمانت پر جشن مناتے ہوئے جمہوریت کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تلنگانہ اور آندھرا کے تلگو دیشم قائدین ضمانت کی منظوری پر میڈیا کے روبرو ایک دوسرے کو مٹھائی پیش کرتے ہوئے دکھائے گئے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ریونت ریڈی کے خلاف کارروائی کرتی، برخلاف اس کے تلنگانہ حکومت کے خلاف سازش کرنے والے رکن اسمبلی کی تائید کی جارہی ہے۔ جیون ریڈی نے بتایا کہ ہائیکورٹ کی جانب سے مشروط ضمانت کی منظوری کے خلاف تلنگانہ اے سی بی سپریم کورٹ سے رجوع ہورہی ہے، اور ریونت ریڈی کا دوبارہ جیل جانا طئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو نے عدالت میں درخواست پیش کی کہ تحقیقات کی تکمیل ابھی باقی ہے اور ضمانت کی منظوری سے ریونت ریڈی تحقیقات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ اس کے بعد ہائیکورٹ نے مشروط طور پر ضمانت منظور کی اور ریونت ریڈی کو اپنے حلقہ انتخاب تک محدود کردیا۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ اسکام کے سلسلے میں اے سی بی کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں اور فارنسک لیاب میں آڈیو ٹیپ میں چندرا بابو نائیڈو کی آواز کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اس اسکام سے خود کو بچانے کیلئے تلنگانہ حکومت کے خلاف مختلف سازشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا اور تلنگانہ دونوں ریاستوں کے عوام چندرا بابو نائیڈو کی ان سازشوں کی حقیقت جان چکے ہیں اور وہ ان کی تائید میں نہیں۔