ریوالور سے دھمکاکر نگینوں کے تاجر کو لوٹ لیا گیا

حیدرآباد ۔ /30 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقے شکر کوٹ چارمینار میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میںڈرامائی انداز میں ایک نگینوں کے تاجر کو لوٹ لیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 44 سالہ دنیش سونی ساکن گیان باغ کالونی نگینوں کا تاجر ہے اور وہ کمیشن پر نگینوں کی خرید و فروخت کرتا ہے ۔ اس کے کاروباری تعلقات بین ریاستی نگینوں کے تاجرین سے بھی ہے اور اس سلسلے میں اڈیشہ کے گوتم نے سابق میں اپنے ساتھی رماکانت کے ہمراہ دنیش سے ملاقات کرکے نگینوں کا کاروبار کیا تھا ۔ شکر کوٹ میں واقع دنیش کی دکان میں موجود دیگر قیمتی نگینوں کو دیکھ کر گوتم نے اسے لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا اور آج صبح دنیش کو بذریعہ فون کاروبار کے سلسلے میں حیدرآباد پہونچنے کی اطلاع دی ۔ دنیش اپنی دوکان واقع شکر کوٹ میں موجود تھا کہ گوتم اپنے دیگر دو ساتھیوں جس کی شناخت ہنوز نہ ہوسکی ہے کے ہمراہ پہونچ کر اچانک دوکان کا دروازہ بند کردیا اور دنیش کے سر پر ریوالور لگادیا اور بعد ازاں اس کے منہ پر پلاسٹر لگادیا اور ہاتھ بھی باندھ دیئے ۔ گوتم دکان میں موجود قیمتی نگینوں کے علاوہ دنیش کی اکٹیوا موٹر سائیکل اور اس کا پرس بھی لیکر فرار ہوگیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار ڈیویژن مسٹر کے اشوک چکروتی نے بتایا کہ گوتم اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں اور ملزم نے دنیش کے دو اے ٹی ایم کارڈس کا بھی استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔ چارمینار پولیس نے اس سلسلے میں رہزنی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔