ریلوے میں نوکری دلانے کا جھانسہ

بیروزگار نوجوان دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : انڈین ریلوے اور مختلف دوسری ایجنسیوں کی طرف سے خبردار کیے جانے کے باوجود روزگار کے متلاشیان دھوکہ باز عناصر کے جال میں پھنس رہے ہیں اور اپنی محنت کی کمائی سے محروم ہورہے ہیں ۔ ریلویز نے حال میں نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں متلاشیان روزگار کو خبردار کیا گیا کہ وہ افراد سے چوکس رہیں جو ریلوے منسٹر کوٹہ کے تحت ریلوے میں ملازمتیں دلانے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ اور ایسے افراد نوکریاں دلانے کا جھانسہ دیتے ہوئے معصوم بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اس مقصد کے لیے ایسے افراد نے فرضی ویب سائٹ بھی قائم کیے ہیں ۔ اس مقصد کے لیے ایسے عناصر فرضی دستاویزات مراسلت اور ای میل اور ویب سائٹ کا استعمال کررہے ہیں ۔ ریلوے نے وضاحت کی ہے کہ ریلویز میں تقررات صرف 21 ریلوے رکروٹمنٹ بورڈس اور 16 ریلوے رکروٹمنٹ سیلس کرتے ہیں کوئی دوسری ایجنسی اس کی مجاز نہیں ہے ریلوے نے واضح کردیا کہ ریلوے منسٹر کا کوئی کوٹہ موجود نہیں ہے ۔ نوکریوں کے خواہش مند افراد کو نوکریاں دلانے کے جھوٹے وعدے کرنے والوں سے خبردار رہنا چاہئے ۔ سی آئی ڈی نے عوام کو چوکنا کیا اور ان سے کہا ہے کہ وہ فیس بک پر نامعلوم افراد پر بھروسہ نہ کریں اور واٹس اپ یا فیس بک منیجر یا کوئی دوسرے منیجر کو اپنی تصاویر نہ دیں کیوں کہ وہ اس کا استعمال آپ کے خلاف کرسکتے ہیں ۔۔