ریلوے مسافر کو سیکس ورکرس کی ہراسانی کا سامنا

پولیس اسٹیشن میں بھی نیم برہنہ حالت میں ہنگامہ آرائی
حیدرآباد /30 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد و سکندرآباد کے حدود میں حالیہ دنوں سیکس ورکرس کے جرائم، تشدد اور لوٹ مار کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ دو دن قبل جونیر آرٹسٹ گرلہ پاٹی شیو کمار گنٹور روانہ ہونے کے لئے سکندرآباد اسٹیشن پہنچے اور ٹکٹ خریدکر ٹرین کے انتظار میں ریلوے پولیس کنٹرول روم کے قریب توقف کیا تو اچانک وہاں تین سیکس ورکرس پہنچ گئے اور شیو کمار سے پیسے مانگنے لگے۔ انھوں نے ان تینوں سے پیچھا چھڑانے کے لئے جب چلر پیسے دیئے تو تینوں نے جونیر آرٹسٹ کو کافی بُرا بھلا کہا اور جیب میں موجود رقم چھیننے کی کوشش کی۔ جب شیو کمار نے ان سے بچنے اور اس مقام سے ہٹنے کی کوشش کی تو تینوں نے ان پر پتھروں سے حملہ کردیا، جس سے ان کے سر پر چوٹ لگی اور وہ زخمی ہو گئے۔ اسی دوران عوام کی بھیڑ دیکھ کر پٹرولنگ پولیس ٹیم وہاں پہنچ گئی اور تینوں سیکس ورکرس کو گرفتار کرتے ہوئے گوپال پورم پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق سیکس ورکرس نے پولیس اسٹیشن میں بھی ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے پھولوں کے گملوں اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا۔ تاہم ان کی زیادتی یہیں ختم نہیں ہوئی، بلکہ تینوں نے نیم برہنہ ہوکر پولیس تحویل کے خلاف احتجاج کیا، جب کہ احتجاج کا مشورہ دینے والے گینگ لیڈر چاند پاشاہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔