ریلوے رکروٹمنٹ امتحان میں ہائی ٹیک نقل نویسی

حیدرآباد ۔ /30 نومبر (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے آج ریلوے رکروٹمنٹ سیل امتحانات میں بڑے پیمانے پر ہائی ٹیک نقل نویسی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 30 افراد بشمول 10 امیدواروں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے عصری آلات و الیکٹرانک اشیاء برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب آج جنوبی ہند کے 6 ڈیویژنس میں محکمہ ریلوے کی جانب سے ریلوے رکروٹمنٹ سیل گروپ D امتحانات کا انعقاد ہوا تھا جس میں سکندرآباد ، حیدرآباد ، گنٹور ، وجئے واڑہ اور ناندیڑ میں قائم کئے گئے سنٹرس پر امیدوار امتحانات لکھنے میں مصروف تھے کہ اچانک سائبر آباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے مولاعلی ریلوے کوارٹرس ، سالار جنگ واٹر پمپس واقع اوپر گوڑہ میں آج دوپہر دھاوا کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے الیکٹرانک اشیاء برآمد کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس اسپیشل آپریشن ٹیم مسٹر وی رامچندرا ریڈی نے بتایا کہ گرفتار افراد ہائی ٹیک نقل نویسی میں ملوث تھے اور اس ریاکٹ کا سرغنہ ریلوے ملازم مچندرہے امیدواروں سے فی کس 5 لاکھ روپئے وصول کئے جس کے عوض انہیں الیکٹرانک عصری آلات فراہم کیا ۔ مچندر نے اپنے ساتھیوں الیاس ، ورون ، گریدھر ، وینکٹیش اور سری ناتھ اور دیگر 4 کی مدد سے ایک ٹولی تشکیل دی جو پرچہ سوالات کے جوابات لیپ ٹاپ کے ذریعہ تیار کرتے ہوئے الیکٹرانک عصری آلہ جس میں سم کارڈ موجود ہوتا ہے کی مدد سے امیدواروں کو امتحان لکھنے میں مدد کررہے تھے ۔ مچندر پرچہ سوالات امتحان کے دوران حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا اور اس نے واٹس اپ کے ذریعہ اپنے ساتھیوں کو پہونچایا ۔ ریاکٹ بے نقاب ہونے کے بعد ایس او ٹی نے دلسکھ نگر پبلک اسکول واقع چینتیا پوری ، سری چیتنیا جونیر کلا شالا ، ارچنا کامپلکس ، گوتم ماڈل اسکول ترملگری ، ڈی اے وی پبلک اسکول نریڈ میٹ ، سماریٹن نریڈ میٹ ، سینٹ ریٹا ہائی اسکول میاں پور پر بھی دھاوا کیا اور وہاں سے 10 امیدواروں کو گرفتار کرلیا جو ہائی ٹیک نقل نویسی میں ملوث تھے ۔ ایس او ٹی نے گرفتار افراد کے قبضے سے 8 سم کارڈس ، دو لیپ ٹاپ عصری بلو ٹوتھ آلات ، 27 موبائیل فون ، کیالگولیٹر اور 17 موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں ۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ ریلوے رکروٹمنٹ سیل گروپ D امتحانات کیلئے جملہ 9.17 لاکھ افراد نے درخواست داخل کی تھی لیکن 3.91 امیدواروں نے آج کے امتحان میں شرکت کی جو آندھراپردیش ، تلنگانہ اور مہاراشٹرا میں جملہ 182 سنٹرس میں منعقد ہوا ۔