ریلوے اراضیات کے بہتر استعمال کی حمایت

مالیگاؤں (آسام) ، 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اُن کی حکومت جدید طرز کے انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کو ترجیح دے رہی ہے، جس میں شمال مشرق میں آپٹیکل فائبر نٹ ورک قائم کرنا شامل ہے، جو اُن کے بقول نوکری کے زبردست مواقع پیدا کرے گا اور اس خطہ کے نوجوانوں کو بہتر روزگار کیلئے دیگر ریاستوں کو بڑے پیمانے پر نقل مقام سے روکے گا۔ مودی جو سہ روزہ دورۂ آسام، منی پور، ناگالینڈ اور تریپورہ پر گوہاٹی پہنچے، وہ ریلوے اسٹیڈیم مالیگاؤں میں منعقدہ عوامی تقریب سے مخاطب تھے، جہاں انھوں نے ریموٹ بٹنس دبا کر میگھالیہ کے ضلع نارتھ گارو ہلز میں مینڈی پاتھر سے اولین پاسنجر ٹرین برائے گوہاٹی کو جھنڈی دکھائی اور بھیریبی سے میزورم میں سائرنگ کیلئے براڈ گیج ریلوے لائن کے ضمن میں سنگ بنیاد کی تختی کی رونمائی بھی کی۔ وزیراعظم جو لوک پریہ گوپی ناتھ بردولوئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اپنی آمد کے فوری بعد اس مقام کو پہنچے، انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو اب جدید طرز کے انفراسٹرکچر درکار ہیں جو ہائی ویز اور آئی ۔ ویز (انفارمیشن ویز) دونوں پر مشتمل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ سائبر ٹکنالوجی کے معاملے میں کوئی خلیج نہ ہونی چاہئے اور ڈیجیٹل انڈیا کے ویژن میں شمال مشرق کا احاطہ کرنا چاہئے اور اس خطہ کی پہاڑیوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی انفارمیشن ٹکنالوجی تک وہی رسائی حاصل ہونا چاہئے جو قومی دارالحکومت اور دیگر شہروں میں رہائش پذیر لوگوں کو حاصل ہیں۔