ریزرویشن کی خاطر پھانسی پر لٹک جاؤنگا: لالو پرساد یادو

پٹنہ۔/29ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اسمبلی انتخابات کی مہم میں ذات پات کے بارے میں ریمارکس کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے خبردار کئے جانے کے باوجود صدر راشٹریہ جنتادل لالو پرساد یادو نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اورآر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت کو زبردست تنقیدکا نشانہ بنایا اور کہا کہ پسماندہ طبقات دلتوں اور غریبوں کے حق میں وہ اپنی لڑائی جاری رکھیں گے چاہے انہیں پھانسی پر کیوں نہ لٹکادیا جائے۔راگھوپور میں اتوار کے دن ایک جلسہ میں پسماندہ طبقات اور اعلیٰ ذاتوں کے بارے میں ریمارکس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے سخت نوٹ لیئے جانے پر بھی نریندر مودی کی دیرینہ خواہش ہے کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت کو ریزرویشن ختم کرنے پر بھارت رتن عطا کیا جائے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اگر مجھے پھانسی پر لٹکادیا گیا تو بھی میں ریزرویشن کے حق میں لڑائی سے باز نہیں آؤنگا۔واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے کل کہا تھا کہ ذات پات کے ریمارکس کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور کمیشن اس طرح کے معاملوں سے قانونی دائرہ کار میں نمٹے گا۔جبکہ آر جے ڈی سربراہ نے بہار اسمبلی انتخابات کو پسماندہ طبقات اور اعلیٰ ذاتوں کے درمیان راست مقابلہ سے تعبیر کیاتھا۔

 

قومی صدر بی جے پی کا انتخابی دورہ
پٹنہ ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ ایک ہفتہ طویل دورہ بہار پر پٹنہ پہنچ گئے، جس کے دوران وہ کئی اہم اجلاس منعقد کریں گے تاکہ پارٹی کارکنوں کو متحد کرسکیں اور جے ڈی یو ۔ آر جے ڈی۔ کانگریس اتحاد کے خلاف سخت مقابلہ کرسکیں۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے ریاستی انتخابی مہم کے انچارج اننت کمار بھی ہیں، وہ ریاست گیر سطح پراجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ جن میں 38 اضلاع کے بی جے پی کارکن شرکت کریں گے۔