ریزرویشن کیلئے پسماندگی واحد کسوٹی : خورشید

نئی دہلی ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے آج واضح بیان دیا کہ ریزرویشن میں مذہب یا ذات پات کی اساس پر توسیع نہیں کی جاسکتی بلکہ صرف پسماندگی کی کسوٹی پر ہی یہ ہوسکتا ہے۔ خورشید نے یہاں میڈیا سے بات چیت میں وزیراعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا کہ انھوں نے بہار کے عظیم سکیولر اتحاد پر ایس سی؍ ایس ٹی؍ او بی سیز کیلئے ریزرویشن سے پانچ فیصد حصہ نکال لینے اور ایک مخصوص برادری کو دینے کی سازش رچانے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ’’میں اس طرح کے بیانات (اقلیتوں کو ذیلی کوٹہ کی فراہمی کیلئے سازش) کی ایسے شخص سے ضرور توقع رکھ سکتا ہوں جسے حکومتی کام کاج یا دستور کی بابت کچھ نہیں معلوم، لیکن میں وزیراعظم سے ایسی باتوں کی توقع نہیں کرسکتا ہوں۔‘‘