ریجنل پاسپورٹ آفس سے عازمین حج کے 452 پاسپورٹس کی اجرائی

پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کی کامیاب نمائندگی

حیدرآباد۔/28 فبروری ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے کامیاب نمائندگی کرتے ہوئے 452 عازمین کے پاسپورٹ کی اجرائی کو یقینی بنایا۔ حج درخواستوںکے ادخال کیلئے پاسپورٹ کی نقل پیش کرنا لازمی ہے تاہم کئی عازمین نے حج کمیٹی سے رجوع ہوکر نمائندگی کی کہ ان کے پاسپورٹ نہیں ہیں یا پھر پاسپورٹ کی مدت حج کمیٹی کی شرائط کے مطابق باقی نہیں جس کے سبب وہ درخواست داخل کرنے سے قاصر ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اس سلسلہ میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے عازمین کے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے پاسپورٹ کی اجرائی کو یقینی بنانے کی خواہش کی جسسے پاسپورٹ آفیسر نے اتفاق کرلیا۔ ایسے افراد جن کے پاسپورٹ کیلئے پولیس انکوائری مکمل ہوچکی ہے یا پھر جن کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے کو ہے ان سے حج کمیٹی نے درخواستیں طلب کیں۔ ہاتھ سے لکھے ہوئے پاسپورٹس کی جگہ ڈیجیٹل پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے بھی درخواستیں حاصل کی گئیں۔ ان تمام درخواستوں کو جن کی تعداد 474 ہے اسپیشل آفیسر نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے رجوع کیا۔ پولیس انکوائری کی تکمیل سے متعلق 344اور دیگر دو وجوہات سے متعلق 130درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ اسپیشل آفیسر کی کامیاب اور بروقت نمائندگی کے سبب پاسپورٹ آفس کی جانب سے ابھی تک 452 پاسپورٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ مابقی پاسپورٹس اندرون دو یوم جاری ہوجائیں گے۔ اس طرح جاریہ سال فریضہ حج کے خواہشمندوں کو درخواستوں کے ادخال میں سہولت ہوئی ہے۔ ایسے عازمین حج نے نئے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی پر پروفیسر ایس اے شکور سے اظہار تشکر کیا۔ حج درخواست فارمس کے ادخال کی آخری تاریخ 2مارچ ہے لہذا حج کمیٹی کا دفتر یکم مارچ کو اتوار کے باوجود کھلا رہے گا۔