ریت کے فنکار سدرشن ہندوستان کے نمائندہ

بھوبنیشور۔ 30جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) نامور ریت کے فنکار اڈیشہ کے سدرشن پٹنائیک سنگاپور انٹرنیشنل ریت کی مجسمہ سازی چمپئن 2017ء میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے ۔ پٹنائیک کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ 28تا 30اگست سنٹوسا میں منعقد کیا جائے گا اور اس میں 15ممالک کے فنکار جیسے آسٹریلیا‘ بلجیم ‘ کینیڈا ‘ چیکوسلواکیا ‘ فرانس ‘ اٹلی ‘ میکسیکو ‘ نیدرلینڈ ‘ پولینڈ ‘ روس ‘ اسپین ‘ پرتگال اور ٹوگو سے شرکت کریں گے ۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ ریت کے فنکار سدرشن پٹنائک ہندوستان کے واحد نمائندہ ہوں گے ۔ وہ قبل ازیں کئی ریت کے مجسمے ساحل سمندر پر بناچکے ہیں ‘ جن میں تیل کا پھیلنا ‘ پلاسٹک کا کچرا وغیرہ کے خلاف ان کے مجسمے کافی شہرت رکھتے ہیں ۔ پٹنائیک 50سے زیادہ عالمی مقابلوں میں شرکت کرچکے ہیں ۔

ہریانہ میں ایک شخص کو گولی مار دی گئی
حصار ۔30جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) دو نامعلوم افراد نے اربن اسٹیٹ ۔2 علاقہ میں ایک 40سالہ شخص پردیپ جاماواری کو ان کی قیام گاہ کے روبرو کل رات 10.15بجے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ پردیپ بادالا جو جاماواری کے دوست تھے ان سے ملاقات کیلئے 10.15بجے آئے تھے ۔ انہوں نے مہلوک سے ان کی قیام گاہ کے روبرو چند منٹ کیلئے مختصر سی بات چیت کی تھی ‘ جیسے ہی دونوں ایک چمن کے قریب پہنچے دو افراد نے جاماواری پر فائرنگ کردی ۔ گولیوں کی آواز سنتے ہی مہلوک کی والدہ اور بعض قریبی رشتہ دارانہیں بچانے کیلئے لپکے لیکن وہ زخمی ہوگئے تھے ‘ انہیںاسپتال منتقل کیا گیا ‘ جہاں پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا ۔