ریتو بندھو اسکیم کے چیکس اور پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم

سلپ جاری کرکے کاؤنٹرس نصب کرنے کی ہدایت ۔ چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ یکم مئی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے 10 مئی سے ریتو بندھو اسکیم کے تحت چیکس کی تقسیم ، نئے پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم کو انتخابات کے موقع پر کئے جانے والے انتظامات کے طرز پر سلپس جاری کرنے کی تمام اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے آج سکریٹریٹ میں ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرکے ریتو بندھو چیکس کی تقسیم پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم، موسمی حالات، ہریتاہارم، نرسریز کے قیام، غذائی اجناس کی خریدی، قومی شاہراہوں کیلئے حصول اراضی، کرناٹک انتخابات کے پیش نظر سرحدی اضلاع میں احتیاطی اقدامات، بی سی بہبود، سوچھ بھارت کے علاوہ دیگر اُمور پر کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری نے چیکس کی تقسیم کے دوران عوامی ہجوم جمع ہونے سے روکنے کسانوں میں خصوصی سلپس جاری کرکے کاؤنٹرس سے چیکس تقسیم کرنے انتظامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک 45 لاکھ پٹہ دار پاس بکس پرنٹ کئے گئے۔ چیف مسٹر نے حال میں کلکٹرس، جوائنٹ کلکٹرس ، زرعی عہدیداروں کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ چیف سکریٹری نے اس کو حکومت کی باوقار اسکیم قرار دیا اور عوامی منتخب نمائندوں کو پروگرام کا حصہ بنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ خریف سیزن میں5600 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا اندازہ کرکے چیکس تیار کئے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 1600 کروڑ روپئے بینکوں میں جمع کردیئے گئے۔ دو تا تین دن میں مزید 2400 کروڑ روپئے اور ایک ہفتہ میں تیسرے مرحلے کی رقم بھی بینکوں میں جمع کردی جائے گی۔ 58 لاکھ چیکس پرنٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں ابھی تک54.15 لاکھ چیکس پرنٹس ہوچکے ہیں اور اضلاع کو بھی روانہ کردیئے گئے۔ ہریتا ہارم پروگرام میں جو پودے لگائے گئے ان کی حفاظت اور نگرانی کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ قومی شاہراہوں کی تعمیرات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 17سال کے دوران صرف 765 کیلو میٹر 4 لائن قومی شاہراہ تعمیر کی گئی۔ تلنگانہ حکومت نے 1000 کیلو میٹر نیشنل ہائی ویز کیلئے تجاویز تیار کئے ہیں جس پر 28 ہزار کروڑ روپئے خرچ کا منصوبہ تیار کیا گیا ۔ مقررہ وقت پر تعمیرات کو یقینی بنانے حصول اراضیات کو ضروری قرار دیا۔موسم گرما کے پیش نظر پینے کے پانی اور جانوروں کے چارہ پر خصوصی توجہ دینے کی کلکٹرس کو ہدایت دی۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولس کی عمارتوں کی تعمیرات کیلئے اراضیات کی نشاندہی کرنے پر زور دیا۔ 12 مئی کو کرناٹک اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سرحدی اضلاع کے چیک پوسٹس پر نظر رکھنے رائے دہی سے 48 گھنٹے قبل شراب کی دوکانات بند کرنے کی ہدایت دی۔