ریاست کے 15 نئے اضلاع میں کلکٹرس آفس کی تعمیر

حکومت کی جانب سے 666 کروڑ روپئے منظور ، مسٹر ناگیشور راؤ کا بیان
حیدرآباد۔31اکٹوبر(سیا ست نیوز) ریاست کے 15نئے اضلاع میں نئے ضلع کلکٹر آفس کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اور تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کو اس بات سے واقف کروایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نئے اضلاع میں نئے ضلع کلکٹریٹ دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کے بعد حکومت نے 666کروڑ 40لاکھ روپئے منظور کئے ہیں جو کہ 21نئے اضلاع کے نئے کلکٹریٹ کامپلکس کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے۔ مسٹرٹی ناگیشور راؤ نے وقفہ سوالات کے دوران رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے بتایا کہ اضلاع کی تنظیم جدید کے فیصلہ کے بعد ضلع کے انتظامی امور کی انجام دہی اور ضلع کلکٹر کے دفتر کا قیام بنیادی ضرورت ہے اور اس ضرورت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے عاجلانہ اقدامات کے ذریعہ بجٹ کی اجرائی کے ذریعہ تعمیراتی سرگرمیوں کو شروع کردیا ہے۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع نے بتایا کہ سدی پیٹ‘ کاماریڈی‘ میڑچل‘ وقارآباد‘ جنگاؤں ‘ یدادری۔بھونگیر‘ راجننا سرسلہ ‘ سوریاپیٹ‘ ناگر کرنول‘ پیداپلی‘ ونپرتی‘ جگتیال ‘ گدوال۔جوگولامبا‘ کمرم بھیم ۔آصف آباد‘ جئے شنکر ۔بھولاپلی اضلاع کے نئے کلکٹریٹ کی عمارتوں کے سنگ بنیاد رکھنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام عمارتوں کے تعمیراتی کام جاری ہیں اور مختلف مراحل میں ہیں مابقی اضلاع کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور بہت جلد ان اضلاع میں بھی نئی ضلع کلکٹریٹ کی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔