ریاست کے طلباء کو تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ

بھینسہ میں طلباء تنظیموں کا راستہ روکو احتجاج
بھینسہ 31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں طلباء تنظیموں پی ڈی ایس یو، ایس ایف آئی اور اے آئی ایس ایف کی جانب سے ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج منظم کرتے ہوئے بس اسٹانڈ کے قریب راستہ روک کر احتجاج منظم کیا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی طلباء نے مطالبہ کیاکہ ریاستی حکومت ریاست کے تمام گورنمنٹ جونیر کالجس میں میڈ ڈے میلس (دوپہر کے کھانے) اور اسکالرشپس (فیس ری ایمبرسمنٹ) کی منظوری کو یقینی بناتے ہوئے ریاست کے طلباء کو تعلیمی سہولیات فراہم کرے۔ انھوں نے مزید کہاکہ بھینسہ ڈیویژن کے تمام منڈل مستقر پر گورنمنٹ جونیر کالج قائم کرے تاکہ طلباء کو اپنے ہی منڈلوں میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل ہوسکے اور تعلیم کے لئے نقل مقام نہ کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں ریاستی حکومت ہر تعلقہ میں ایک پالی ٹیکنک کالج کے قیام کو یقینی بنائے اور جی او نمبر 32 کو منسوخ کرتے ہوئے تمام ایڈ سیٹ کالجس کو حکومت کی تحویل میں لیا جائے جس سے غریب اور مستحق طلباء کو تعلیمی میدان میں تمام سہولیات میسر ہوسکے۔ کوئی بھی طالب علم تعلیم سے محروم نہ ہوسکے۔ طلباء تنظیموں کے اس راستہ روک کر احتجاج کرنے پر ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔ جس کی اطلاع پاکر بھینسہ انچارج ڈی ایس پی آر وینکٹیشورلو، بھینسہ سرکل انسپکٹر واسودیو راؤ اور دیگر پولیس عملہ نے طلباء کو منتشر کیا۔ بعدازاں طلباء تنظیمیں بھینسہ تحصیل آفس پہونچ کر اس سلسلہ میں بھینسہ ڈپٹی تحصیدلار کو ایک یادداشت پیش کی۔ اس موقع پر ایس ایف آئی ضلعی جوائنٹ سکریٹری بھیم راؤ، پی ڈی ایس یو ضلعی ممبر سندیپ، اے آئی ایس ایف ضلعی ممبر جے راہول کے علاوہ امجد اور دیگر طلباء موجود تھے۔