ریاست کی تقسیم کا عمل خوشگوار انداز میں مکمل ہوگا

حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کا عمل خیرخوبی کے ساتھ مکمل ہوجائے گا اور عوام چاہے اُن کا تعلق کسی علاقے سے ہو تلنگانہ میں محفوظ ہوں گے۔ گورنر آج نئی دہلی کے دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور دوسروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران ریاست کی تقسیم سے متعلق جاری عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے 2جون کو تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں کئے جارہے انتظامات سے بھی واقف کرایا۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ تقسیم کا عمل خوشگوار انداز میں مکمل ہوگا۔ نئی ریاست میں تحفظ کے بارے میں بعض افراد کے اندیشوں کے بارے میں پوچھے جانے پر گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں قیام کرنے والے تمام افراد کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا چاہے وہ کسی علاقے سے تعلق کیوں نہ رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص ابھی بھی محفوظ ہے۔ ای ایس ایل نرسمہن جنہیں تلنگانہ گورنر کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے، 2جون کی صبح 6:30بجے راج بھون کے دربار ہال میں انچارج گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔

چیف جسٹس آندھرا پردیش ہائی کورٹ انہیں حلف دلائیں گے۔ بعد میں صبح 8:15بجے راج بھون کے سبزہ زار پر منعقد ہونے والی تقریب میں ای ایس ایل نرسمہن تلنگانہ کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت کے چندر شیکھر راؤ کو حلف دلائیں گے ساتھ میں ان کے کابینی رفقاء بھی حلف لیں گے۔ 117رکنی اسمبلی میں 63نشستوں کے ساتھ ٹی آر ایس نے واضح اکثریت حاصل کی ہے جبکہ سیما آندھرا میں چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت تلگودیشم پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی۔ توقع ہے کہ وہ 8یا 9جون کو آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے ذرائع نے بتایا کہ یکم جون کی نصف شب سے تلنگانہ کے 10اضلاع میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا آغاز ہوجائے گا۔ چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد پریڈ گراؤنڈ پر سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لیں گے۔

وہ پریڈ گراؤنڈ پر قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹرس صبح 9:30بجے کلکٹریٹ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ چندر شیکھر راؤ 2جون کی دوپہر 12:57 بجے سکریٹریٹ میں چیف منسٹر کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ چندر شیکھر راؤ آج دن بھر بھی پارٹی رفقاء اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ کابینہ میں شامل کئے جانے والے ارکان کے ناموں پر غوروخوض میں مصروف رہے۔بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے 14 امکانی وزراء کی فہرست کو قطعیت دے دی ہے جسے کل ریاستی گورنر کے حوالے کیا جائے گا۔